مانچسٹر : برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ اقبال محمد اور ناز شاہ نے آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کے سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
رکنِ پارلیمنٹ اقبال محمد نے سیکریٹری سیاحت و آثار قدیمہ آزاد کشمیر، چوہدری عبد الرحمٰن سے ملاقات کی جس میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون کے مختلف امکانات پر بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کی سیاحتی اہمیت، قدرتی خوبصورتی، متنوع ثقافتی ورثے اور ماحولیاتی سیاحت کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیکریٹری سیاحت نے رکنِ پارلیمنٹ اقبال محمد کو حکومتِ آزاد کشمیر کی سیاحت کی ترقی سے متعلق حکمتِ عملی سے آگاہ کیا جس میں انسانی وسائل پر مبنی انفراسٹرکچر کی سرمایہ کاری، کمیونٹی بیسڈ سیاحت کے پروگرام اور کم معروف سیاحتی مقامات کی تشہیر شامل ہے۔
دونوں رہنماؤں نے 2019 کے سیاحت پروموشن ایکٹ پر بھی گفتگو کی جس کے تحت نجی شعبے کے لیے ون ونڈو سہولت، سیاحتی سرگرمیوں پر ٹیکس چھوٹ، زمین لیز پر حاصل کرنے میں آسانی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کے ذریعے سرمایہ کاری کے امکانات موجود ہیں۔
اقبال محمد نے حکومتِ آزاد کشمیر کے سیاحت سے متعلق اقدامات کو سراہا اور برطانیہ میں موجود سرمایہ کاروں اور کشمیری diaporasکاروباری افراد کو اے جے کے کے متعلقہ اداروں سے جوڑنے کی پیشکش کی۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری ڈائاسپورا سیاحتی، ماحولیاتی ریزورٹس، پہاڑی لاجز اور ایڈونچر ٹورازم کے فروغ میں ایک اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
بعد ازاں سیکریٹری سیاحت چوہدری عبد الرحمٰن نے رکنِ پارلیمنٹ ناز شاہ کی قیادت میں کشمیری diaporas کے وفد سے ملاقات کی جس میں انہوں نے آزاد کشمیر کے سیاحتی مواقع، سرمایہ کاری کی راہیں اور حکومتی سہولیات کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔
ناز شاہ نے عندیہ دیا کہ وہ دیگر کشمیری ڈائاسپوراdiaporas اراکین اور ممکنہ سرمایہ کاروں کے ہمراہ آزاد کشمیر کا دورہ کریں گی تاکہ سیاحتی مواقع کا جائزہ لیا جا سکے اور بیرون ملک سے سیاحوں کو متوجہ کیا جا سکے۔
دونوں ارکانِ پارلیمنٹ نے اس موسمِ گرما میں آزاد کشمیر کا دورہ کرنے کی دعوت قبول کر لی اور کہا کہ وہ آزاد کشمیر، برطانوی پاکستانیوں اور کشمیریوں کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے۔