ٹرمپ حکومت مخالف احتجاج ، اب صرف امریکہ نہیں، پوری دنیا میں!

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے مشیر ایلون مسک کی متنازع پالیسیوں کے خلاف امریکہ سمیت متعدد ممالک میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جن میں حکومت سے عوام مخالف فیصلے واپس لینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کے خلاف امریکہ کی 50 ریاستوں سمیت کینیڈا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، پرتگال اور میکسیکو میں مجموعی طور پر 1200 مقامات پر مظاہرے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ احتجاجی تحریک “Hands Off!” کے عنوان سے جاری ہے جس کے تحت نیویارک میں بڑی تعداد میں شہری سڑکوں پر نکل آئے ہیں جبکہ واشنگٹن ڈی سی کے نیشنل مال کے باہر ہونے والے مظاہرے میں 20 ہزار سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔

مظاہرین نے ٹرمپ اور ایلون مسک کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کو بحال کیا جائے اور وہ تمام پالیسیاں واپس لی جائیں جو عوام کے مفادات کے خلاف ہیں۔

یہ مظاہرہ ٹرمپ کے دورِ اقتدار میں اب تک کا سب سے بڑا احتجاجی اجتماع قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top