آزاد کشمیر بھرمیں یومِ دفاع کی پروقار تقریبات، شہداء کو خراجِ عقیدت

ملک بھر کی طرح وادی نیلم، وادی لیپہ، دارالحکومت مظفرآباد اور برنالہ میں کنٹرول لائن پر 6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے اور تجدیدِ عہد کے ساتھ منایا گیا। اس موقع پر پاک افواج کے شہداء کی قبروں پر پرچم کشائی، فاتحہ خوانی اور پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ کمپلیکس آٹھمقام کے احاطہ میں منعقد ہوئی، جس کا آغاز سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی سے کیا گیا۔ سابق موسٹ سینئر وزیر، وزیر قانون و انصاف و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ اور ڈپٹی کمشنر نیلم چوہدری اقبال حسن نے قومی و ریاستی پرچم لہرائے، جبکہ آزاد کشمیر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ تقریب میں عسکری و سول حکام، سابق صدر بار بشارت میر ایڈووکیٹ، ڈی ایس پی، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ منشاء انجم، مختلف محکمہ جات کے افسران، سکاؤٹس اور شہریوں نے شرکت کی۔

میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ کا خطاب اور تاریخِ دفاع

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قانون ساز اسمبلی میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء کو بھارت نے پاکستان پر جارحیت مسلط کی، تاہم پاک افواج نے قوم کے شانہ بشانہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق نے واضح کر دیا ہے کہ مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے ہمیشہ دفاعِ وطن کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور آنے والی نسلوں کو شہداء کی حب الوطنی اور عزم سے روشناس کرانا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کا مظفرآباد میں دفاعی ساز و سامان و ثقافتی نمائش کا دورہ

وادی لیپہ، برنالہ اور مظفرآباد میں تقریبات و ریلیاں

وادی لیپہ میں پاک فوج کی جانب سے شہداء کی قبروں پر پرچم کشائی، فاتحہ خوانی کی گئی اور پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ کمانڈر لیپہ گارڈز عامر فرید نے شہید سپاہی محمد صدیق کی قبر پر حاضری دی۔ اس موقع پر شہید کے والد نے جذبے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود اور ان کا دوسرا بیٹا بھی ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر برنالہ راجہ زاہد حسین کی قیادت میں ختم نبوت چوک سے لاری اڈہ برنالہ تک ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں ایس ایچ او تھانہ برنالہ چوہدری وسیم نواز، انتظامیہ اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔ مظفرآباد میں کُل جماعتی حُریّت کانفرنس کے زیرِ اہتمام شاندار ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں نے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیا اور حقِ خودارادیت و آزادیِ کشمیر کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ آٹھمقام میں بھی اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر چوہدری بشارت کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں پاکستان اور پاک افواج کے حق میں پرجوش نعرے لگائے گئے۔

مزید پڑھیں: 9 مئی کیس: پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی حماد اظہر گرفتار

6 ستمبر یومِ دفاعِ پاکستان کے پروقار موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس ہٹیاں بالا کے احاطہ میں ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران، اہلکاران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت کے ساتھ ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی پرچم کی پرچم کشائی سے ہوا، جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے پرچم کو سلامی پیش کی اور ملک کی سلامتی و خوشحالی کے جذبات کا اظہار کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء کا دن ہماری تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہے جب بھارتی چیلنج کے مقابلے میں ہماری مسلح افواج اور سرحدوں پر موجود جوانوں نے بے مثال بہادری اور جرات سے وطن کا دفاع کیا اور ثابت کیا کہ قوم اپنی سلامتی کی خاطر ایک جسم اور ایک جان بن کر ہر قربانی کے لیے تیار ہے۔ مقررین نے شہداء کے خاندانوں، مائیوں، بہنوں، بیویوں اور بچوں کی لازوال قربانیوں کو قوم کا اصل سرمایہ اور ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہداء کو حقیقی خراجِ عقیدت پیش کرنے کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کریں، ملک میں اتحاد و بھائی چارہ قائم کریں اور تعلیم، صحت، معیشت اور امن و امان کے ہر محاذ پر پاکستان کو مضبوط و مستحکم بنائیں۔ اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی تحریکِ آزادی اور کشمیری شہداء کی قربانیوں کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ مقررین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کا مستقبل ہونے کے ناطے تعلیم کے ساتھ ساتھ قومی خدمت کا جذبہ اپنائیں، جس کے بعد تمام شرکاء نے ملک کے دفاع اور یکجہتی کے عزم کو دہرایا اور تقریب کا اختتام پاکستان کی سلامتی، استحکام، مسلح افواج، تحریکِ آزادیِ کشمیر اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے کی جانے والی خصوصی دعا پر ہوا۔