آزاد جموں وکشمیر کے ضلع نیلم میں ملک بھر کی طرح 6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان انتہائی ملی جوش و جذبے اور تجدیدِ عہد کے ساتھ منایا گیا، جہاں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور سول سوسائٹی کے باہمی اشتراک سے ڈسٹرکٹ کمپلیکس آٹھمقام کے احاطہ میں شاندار مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کے موقع پر سابق موسٹ سینئر وزیر، وزیر قانون انصاف و پارلیمانی امور اور ممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان ہماری قومی تاریخ کا وہ درخشاں اور سنہرا باب ہے جو وطنِ عزیز کے دفاع، قومی یکجہتی، شجاعت اور بے مثال قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے۔ 6 ستمبر 1965ء کو بھارت نے پاکستان پر بزدلانہ جارحیت مسلط کی، تاہم پاک افواج نے غیور قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دشمن کے تمام ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور دفاعِ وطن کے لیے ایک لازوال مثال قائم کی۔
شہداء کا عزم، آپریشن بنیان مرصوص اور قومی یکجہتی
میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 1965ء کی جنگ میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے جس جرات، بہادری اور عزم کا مظاہرہ کیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق نے بھی یہ بات ثابت کر دی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور ملکی دفاع کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ یومِ دفاع محض ایک تاریخی واقعہ یاد کرنے کا دن نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کو شہداء کی قربانیوں، نظم و ضبط اور حب الوطنی کے جذبے سے روشناس کرانے کا ایک قیمتی سبق ہے۔
مرکزی تقریب کے مراسم، پرچم کشائی اور ریلی
راجہ ساجد کی رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ کمپلیکس آٹھمقام میں تقریب کا باقاعدہ آغاز سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی سے کیا گیا، جس کے بعد سابق موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ اور ڈپٹی کمشنر نیلم چوہدری اقبال حسن نے قومی و ریاستی پرچم لہرائے۔ اس موقع پر آزاد کشمیر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے پرچموں کو سلامی پیش کی اور قومی و ریاستی ترانے بجائے گئے۔ تقریب میں عسکری و سول حکام، سابق صدر بار بشارت میر ایڈووکیٹ، ڈی ایس پی، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ منشاء انجم، مختلف محکمہ جات کے افسران، سکاؤٹس اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: وطن پر جان نچھاور کرنے والوں کو سلام، یومِ دفاع پر آئی ایس پی آر کاقومی نغمہ ’’منزل پاکستان‘‘ جاری
تقریب کے دوران پاکستان کی سلامتی، استحکام، پاک افواج کی کامیابی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر آٹھمقام چوہدری بشارت کی قیادت میں ایک پرجوش ریلی نکالی گئی، جس میں شرکاء نے پاک افواج اور پاکستان کے حق میں پرجوش نعرے لگائے اور دفاعِ وطن کی خاطر اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔




