چیری کیو

پاکستان میں نئی الیکٹرک کار کی انٹری، چیری کیو کی رونمائی 18 ستمبر کو ہوگی

چیری ماسٹر پاکستان نے اپنی نئی الیکٹرک کار چیری کیو کی پاکستان میں رونمائی کی تاریخ کا اعلان کردیا۔

کمپنی کے مطابق گاڑی کو 18 ستمبر کو پاکستان آٹو شو 2026 کے موقع پر باضابطہ طور پر متعارف کرایا جائے گا جبکہ اس کی قیمت اور بکنگ سے متعلق تفصیلات بھی اسی موقع پر سامنے لائی جائیں گی۔

کمپنی کے مطابق چیری کیو کو شہری علاقوں میں روزمرہ آمدورفت کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے اور یہ ایسے صارفین کو مدنظر رکھتی ہے جو خاندان کیلئے ایک اضافی گاڑی خریدنے کے خواہشمند ہیں۔

چیری کیو میں 42.7 کلو واٹ آور کی لیتھیم آئن بیٹری نصب ہے، جو NEDC معیار کے تحت ایک چارج پر 400 کلومیٹر تک سفر کی صلاحیت رکھتی ہے۔ گاڑی کی لمبائی 4,195 ملی میٹر جبکہ وہیل بیس 2,700 ملی میٹر ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین کیلئے بڑی خبر، ڈیٹیکشن بلنگ کا نظام ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ

نئی الیکٹرک کار میں لیول ٹو ایڈوانسڈ ڈرائیور اسسٹنس سسٹم (ADAS) بھی شامل ہوگا، جس میں 21 جدید حفاظتی اور معاون فیچرز دئیے گئے ہیں۔

گاڑی میں آٹومیٹک پارکنگ اسسٹ، 15.6 انچ کی 2.5K ڈسپلے اسکرین، اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے کنیکٹیویٹی اور وہیکل ٹو لوڈ (V2L) کی سہولت بھی موجود ہوگی۔

چیری ماسٹر پاکستان کے مطابق ملک میں سولر پینلز کے بڑھتے ہوئے استعمال کے تناظر میں الیکٹرک گاڑیوں کو گھروں سے حاصل ہونیوالی اضافی شمسی توانائی سے چارج کرنے کا موقع بھی صارفین کیلئے اہم فائدہ ثابت ہوسکتا ہے۔

کمپنی کے تخمینے کے مطابق سالانہ 20 ہزار کلومیٹر سفر کرنے والی عام پٹرول گاڑی پر تقریباً 4 لاکھ 88 ہزار روپے تک ایندھن خرچ ہوسکتا ہے جبکہ چیری کیو کو اضافی سولر بجلی سے چارج کرنے کی صورت میں سالانہ توانائی کا خرچ تقریباً 30 ہزار روپے تک محدود رہ سکتا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمت ایک بار پھر بلند ی پر، فی تولہ 4 لاکھ 69 ہزار سے تجاوز

چیری ماسٹر پاکستان کے مطابق مالی سال 2025-26 میں پاکستان کی نئی انرجی وہیکل کیٹیگری میں 392 فیصد اضافہ ہوا، جو ملکی آٹو موبائل مارکیٹ کا تقریباً 15 فیصد بنتا ہے۔