معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل رواں ماہ ایک خصوصی تقریب کے دوران آئی فون 18 سیریز متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی 9 ستمبر کو ’’سرپرائز اینڈ شائن‘‘ کے نام سے منعقد ہونے والے ایونٹ میں نئے آئی فون ماڈلز پیش کرے گی۔
ایپل عام طور پر ہر سال ستمبر میں ہونیوالی تقریب کے دوران اپنی نئی آئی فون سیریز متعارف کراتی ہے، تاہم اس مرتبہ کمپنی نے اپنی حکمت عملی میں تبدیلی کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق آئی فون 18 کے تمام ماڈلز ایک ہی وقت میں لانچ نہیں کیے جائیں گے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ معیاری آئی فون 18 کو رواں سال ستمبر میں متعارف کرانے کے بجائے 2027 کے موسم بہار میں مارکیٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ آئی فون 18 پرو اور دیگر پریمیم ماڈلز پہلے متعارف کرائے جائیں گے۔
نئے آئی فون کی قیمت صارفین کے لیے ایک اور بڑا حیران کن پہلو ہوسکتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1099 ڈالرز سے شروع ہونے کا امکان ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 3 لاکھ 4 ہزار روپے سے زائد بنتی ہے۔
رواں سال جون میں ایپل کے اس وقت کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک نے بھی میموری چپس کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا ذکر کیا تھا۔
اس کے بعد سامنے آنے والی مختلف رپورٹس میں امکان ظاہر کیا گیا کہ کمپنی نئے آئی فون ماڈلز کی قیمتوں میں کم از کم 100 ڈالرز تک اضافہ کرسکتی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایپل کا 2027 تک 5 نئے آئی فون متعارف کرانے کا منصوبہ تیار
اگر قیمت میں 100 ڈالرز کا اضافہ کیا گیا تو آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1199 ڈالرز تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ آئی فون 18 پرو میکس کی قیمت 1299 ڈالرز سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
ایپل اس موقع پر اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جس کی قیمت 2 ہزار ڈالرز سے زیادہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
کمپنی نے 2020 کے بعد سے اپنے آئی فونز کی قیمتوں میں مجموعی طور پر کوئی بہت بڑی تبدیلی نہیں کی، تاہم حالیہ برسوں میں مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ایپل کے معیاری آئی فون ماڈل کی قیمت اس وقت 829 ڈالرز سے شروع ہوتی ہے جبکہ پرو ماڈلز کی ابتدائی قیمت طویل عرصے تک 999 ڈالرز رہی۔
تاہم گزشتہ سال متعارف کرائے گئے آئی فون 17 پرو کی قیمت 1099 ڈالرز سے شروع کی گئی تھی۔
موجودہ اطلاعات کے مطابق اگر آئی فون 18 پرو کی قیمت میں مزید 100 ڈالرز کا اضافہ کیا گیا تو یہ 1199 ڈالرز کا ابتدائی قیمت والا ماڈل بن جائے گا۔
یوں آئی فون 18 پرو ممکنہ طور پر اس سال ایپل کا سب سے کم قیمت والا نیا آئی فون ہوگا۔دوسری جانب آئی فون 17 کی موجودہ قیمت 829 ڈالرز جبکہ آئی فون 17 ای کی قیمت 599 ڈالرز سے شروع ہوتی ہے۔
اسی طرح آئی فون ایئر کی ابتدائی قیمت 999 ڈالرز ہے۔رپورٹس کے مطابق ایپل آئی فون ایئر کے دوسرے ورژن پر بھی کام کر رہی ہے، جسے 2027 میں آئی فون 18 کے ساتھ متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سیکنڈ ہینڈ آئی فون کی خریداری صارفین کیلئے نقصان دہ ،ماہرین
یوں ایپل کی جانب سے آئی فون 18 سیریز کے حوالے سے اس مرتبہ نہ صرف لانچ شیڈول بلکہ قیمتوں اور ماڈلز کی پیشکش کے حوالے سے بھی روایتی حکمت عملی سے ہٹ کر فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔




