جہلم ویلی کے جنگلات پر ٹمبر مافیا کا بڑا حملہ، کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب کے خطرات میں اضافہ

Pakistan SCO Summit 2026

آزاد جموں و کشمیر میں موسمیاتی تبدیلیوں اور جنگلات کے خاتمے کی وجہ سے کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی تباہ کاریوں کے شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ ایک طرف جہاں دنیا بھر میں کلائمٹ چینج سے نپٹنے کے لیے جنگلات کے تحفظ کی خاطر سخت سے سخت قوانین بنائے جا رہے ہیں، وہاں دوسری جانب ضلع جہلم ویلی میں سبز اور قیمتی درختوں کو کاٹ کر ذاتی مفادات اور ایندھن کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔ محکمہ جنگلات بااثر ٹمبر مافیا کے سامنے مکمل طور پر بے بس اور خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جہلم ویلی کے علاقے چکار میں جنگل مافیا نے تازہ یلغار کر دی ہے۔ حکومت اور اقتدار کی تبدیلی کے باوجود لکڑی کے آرے اور کٹر مشینیں رکنے کے بجائے مزید تیزی سے چلنے لگی ہیں۔ یونین کونسل سلمیہ کے وارڈ اندراسیری، کمپارٹمنٹ 6-B، اندراسیری میدان گلی اور ملحقہ علاقوں کے جنگلات اس وقت جنگلی کٹائی کی شدید زد میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کیرن فاریسٹ ڈویژن: ٹمبر مافیا کے خلاف بڑی کارروائی، لکڑی سے بھرا ٹرک ضبط

مواصلاتی بندش کا فائدہ اور جنگل مافیا کی کارروائیاں:

مقامی ذرائع سے حاصل ہونے والی اطلاعات کے مطابق ان علاقوں میں دیار اور دیگر انواع کے درجنوں قیمتی اور تاریخی درخت کاٹے جا چکے ہیں۔ ایک ہی وقت میں چھ، چھ کٹر مشینیں چلا کر جنگلات کو تباہ کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ علاقے میں انٹرنیٹ اور مواصلاتی رابطوں کی بندش کا فائد اٹھاتے ہوئے جنگل مافیا نے اس غیر قانونی سرگرمی کو مزید تیز کیا۔

انتظامیہ اور محکمہ جنگلات کی خاموشی پر سوالات:

اس بڑے پیمانے پر جاری تباہی کے بعد مقامی عوام اور ماحولیاتی ماہرین کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اتنے بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی کے باوجود محکمہ جنگلات، مقامی انتظامیہ اور پولیس کی غیر موجودگی اور خاموشی پر گہرے تحفظات ہیں۔ یہ سوال بھی زیر گردش ہے کہ اس بے دردی سے کاٹی گئی قیمتی لکڑی کو کہاں منتقل کیا جا رہا ہے اور اس پورے غیر قانونی کھیل میں کون کون سے بااثر عناصر شریک ہیں۔

Pakistan SCO Summit 2026