مقبوضہ کشمیر: پیسے دے کر مسلم بچوں سے بھارتی نعرے لگوانے کی کوشش ناکام، ویڈیو وائرل

سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر سے سامنے آنے والی ایک ویڈیو نے ایک بار پھر کشمیری عوام کی شناخت، عزتِ نفس اور آزادیِ اظہار کے حقوق سے متعلق سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں। سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر مقامی اور عالمی سطح پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مبینہ طور پر امرناتھ یاترا کے دوران سڑک کنارے پھل فروخت کرنے والے کم سن مسلمان کشمیری بچوں کو کچھ یاتریوں نے پیسے دے کر ‘بھارت ماتا کی جے’ کے نعرے لگوانے کی کوشش کی۔ تاہم، تمام تر ترغیب اور دباؤ کے باوجود غیرت مند بچوں نے اپنی مرضی کے خلاف یہ نعرہ لگانے سے صاف انکار کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر کا2 روز میں انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا اعلان

عوامی ردعمل اور مذہبی تضحیک پر تشویش:

اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی انسانی حقوق کے حلقوں اور عام کشمیریوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ معاشی مجبوریوں کا شکار اور محنت مزدوری کرنے والے معصوم بچوں کے ساتھ اس قسم کا رویہ کشمیری عوام کی مذہبی تضحیک اور تحقیر کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی نظریاتی اور مذہبی آزادی کو سلب کرنے کی مسلسل کوششوں کی ایک کڑی ہے۔ تاہم بچوں کی جانب سے دباؤ کو تسلیم کرنے سے انکار نے ثابت کر دیا ہے کہ کشمیری عوام اپنی شناختی بیداری اور عزتِ نفس پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔