مظفرآباد: (16 مارچ 2025) ضلعی انتظامیہ مظفرآباد نے زندہ مرغی، مرغی کے گوشت اور دیگر اشیائے ضروریہ کے تازہ نرخ جاری کر دیے ہیںجن پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تمام دکاندار سرکاری نرخ نامے کے مطابق اشیاء فروخت کریں بصورت دیگر زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
جاری کردہ نرخ نامے کے مطابق مظفرآباد میں آج برائلر مرغی زندہ 540 روپے فی کلو جبکہ مرغ بریڈر کا گوشت 540 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ دیسی خالص مرغی کی قیمت 1050 روپے فی کلو اور گولڈن مرغی 850 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ انڈوں کی قیمتوں میں بھی رد و بدل کیا گیا ہے جس کے مطابق 40 سے 50 گرام وزن والے انڈوں کا درجن 275 روپے جبکہ 51 سے 65 گرام وزن والے انڈوں کا درجن 295 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
سبزیوں کے نرخوں میں بھی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہےجس کے تحت آلو لال اول 70 روپے، دوئم 60 روپے، جبکہ چائنہ سے درآمد شدہ لہسن 650 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، پیاز 80 روپے، ٹماٹر 90 روپے، پھول گوبھی 40 روپے، کریلہ 300 روپے، کدو 60 روپے، لیموں 220 روپے، پالک 35 روپے، مولی 30 روپے، گاجر 50 روپے، مٹر 120 روپے اور کھیرے کی قیمت 70 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
پھلوں کی قیمتوں کا تعین بھی کر دیا گیا ہےجس کے مطابق سفید سیب 200 سے 230 روپے، سفید گولہ سیب 140 روپے، کالا سیب 260 روپے اور ایرانی سیب 400 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ کیلا 270 روپے فی درجن، جبکہ کینو 410 روپے میں چار درجن دستیاب ہے۔ بلڈ مالٹا 350 روپے، امرود پنجاب 270 روپے، انار 540 روپے، خربوزہ پیلا 180 روپے اور اسٹرابیری 400 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ تمام دکاندار اور ریڑھی بان پھلوں اور سبزیوں پر قیمتوں کے اسٹیکرز یا قلمی ٹیگز لگائیں تاکہ خریداروں کو قیمتوں کی واضح معلومات فراہم ہو سکیں۔ اس کے علاوہ گاہک کے مطالبے پر دکاندار رسید فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی دکاندار کی جانب سے زائد قیمت وصول کی جائے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ مہنگائی مافیا کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔