پریوں کا گھر: بھمبر کا تاریخی غار، آثارِ قدیمہ کی توجہ کا منتظر

آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر کے علاقے پونا پنوٹھیاں میں واقع ایک قدیم اور پراسرار غار، جسے مقامی لوگ ‘پریوں کا گھر’ کہتے ہیں، سیاحوں کی نظروں سے اوجھل ہے۔ یہ غار نہ صرف اپنی منفرد ساخت کی وجہ سے خاص ہے بلکہ اس کی دیواروں پر قدیم دور کے نقش و نگار نمایاں ہیں جو اس کے تاریخی اور ثقافتی پس منظر کی نشاندہی کرتے ہیں۔

یہ غار پتھر کو تراش کر بنایا گیا ہےجو قدیم دور کے ماہر فنکاروں کی مہارت کا ثبوت ہے۔ دیواروں پر کندہ نقوش اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ یہ جگہ ماضی میں کسی اہم مقصد کے لیے استعمال ہوتی رہی ہے۔ مقامی بزرگوں کے مطابق یہ غار کئی سو سال پرانا ہے اور یہ ممکنہ طور پر کسی مذہبی عبادت گاہ کے طور پر استعمال ہوتا تھا۔ تاہم محکمہ آثارِ قدیمہ کی عدم توجہی کے باعث یہ تاریخی ورثہ خستہ حالی کا شکار ہے۔

یہ غار اپنی قدامت اور پراسرار تاریخ کے باعث سیاحتی مقام بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہےمگر اس کی طرف جانے والی سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے سیاحوں کے لیے یہاں پہنچنا مشکل ہے۔

مقامی لوگوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس تاریخی ورثے کو محفوظ کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ اگر اس غار تک جانے والا راستہ بہتر بنایا جائےبنیادی سہولیات فراہم کی جائیں اور اسے ایک سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دی جائے تو یہ  ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے  ایک پرکشش مقام ثابت ہو سکتا ہے۔

Scroll to Top