پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کھیلنے کیلئے روانہ ہوگئی۔ قومی اسکواڈ لاہور سے دبئی کے راستے نیوزی لینڈ پہنچے گا جہاں وہ پانچ ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز میں میزبان ٹیم کے مدمقابل آئے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 16 مارچ کو کرائسٹ چرچ میں ہوگاجس کیلئے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔
ٹیم میں سلمان علی آغا قیادت سنبھالیں گے جبکہ شاداب خان کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں عباس آفریدی، عبدالصمد، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن نواز، عرفان خان نیازی، جہانداد خان، خوشدل شاہ، محمد علی، محمد حارث، عمیر بن یوسف، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔اس بار اسکواڈ میں عبدالصمد اور حسن نواز کو بھی جگہ دی گئی ہے جو پہلی مرتبہ قومی ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔
نائب کپتان شاداب خان نے کہا کہ انہیں نئی ذمہ داری دی گئی ہے اور وہ بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی بڑی تعداد شامل ہےجن کی توانائی اور جوش منفرد ہوتا ہے۔ پہلی بار ٹیم میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اور امید ہے کہ پاکستان بہترین کھیل پیش کرے گا۔