آزاد کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ جاری، کئی سڑکیں بند، مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

آزاد کشمیر میں 11 مارچ 2025 کو موسم ابر آلود ہے اور مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مظفر آباد میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 18 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ دھیرکوٹ میں درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

اطلاعات کے مطابق موسمی صورتحال کے باعث بعض شاہرات متاثر ہوئی ہیں جبکہ آزاد کشمیر کی تمام بین الاضلاعی شاہرات ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال ہیں لیکن ضلع باغ کے معروف سیاحتی مقام گنگا چوٹی جانے والی سڑک بدستور بند ہے۔

ادھر وادئ نیلم میں چلہانہ سے کیل سیری تک سڑک کھلی ہے لیکن کیل سیری اور کیل مارگلہ کے درمیان لینڈ سلائیڈنگ کے سبب راستہ بند ہو گیا ہے۔ اسی طرح کیل سے تاوبٹ جانے والی سڑک بھی کیل کھڑی اور ساؤناڑ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے معطل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جرمنی میں فضائی بحران! ایئرپورٹ ملازمین کی ہڑتال سے سیکڑوں پروازیں منسوخ

متعلقہ حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل موسمی اور ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

Scroll to Top