مظفرآباد: (10 مارچ 2025) آزاد جموں و کشمیر میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خطے میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر شدید بارشوں کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہےجس کے باعث سردی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ رات گئے تیز اور ہلکی ہوائیں چلتی رہیں جبکہ آج دن بھر بھی بارش کے جاری رہنے کی توقع ہے۔شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 12 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔۔ اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد جبکہ بارش کے امکانات 100 فیصد تک بڑھ چکے ہیں۔
نیلم ویلی میں بارش کے ساتھ شدید برفباری بھی ہو رہی ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ موسمی ماہرین کے مطابق، یہاں 100 فیصد بارش اور برفباری کے امکانات موجود ہیں، جس کے باعث سفری مشکلات پیش آسکتی ہیں اور راستے بند ہونے کا خدشہ ہے۔ دن کا درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ رات کا 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔۔
راولا کوٹ میں آج دن بھر بارش جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 7 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے، رات کے وقت ہلکی بارش کے بعد موسم ابر آلود رہے گا۔
باغ میں بھی بادلوں کا راج ہےجہاں درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، یہاں 80 فیصد بارش کے امکانات ہیں۔
کوٹلی میں موسم نسبتاً بہتر رہے گا، تاہم بارش کے ساتھ دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 9 مارچ کی شام سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ خطے میں داخل ہو چکا ہےجو 12 مارچ سے شدت اختیار کر کے 16 مارچ تک جاری رہ سکتا ہے۔
10 مارچ: آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
11 مارچ: شمال مشرقی بلوچستان، مری/گلیات، اسلام آباد اور خطۂ پوٹھوہار میں بارش کا امکان ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں شدید برفباری کی توقع ہے۔
12 مارچ: شمالی بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور مری/گلیات میں بارش اور برفباری متوقع ہے، جبکہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔
13 تا 16 مارچ: آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، شمالی بلوچستان، پنجاب اور بالائی سندھ میں بارش کے ساتھ سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
بارش اور برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ خاص طور پر نیلم ویلی اور دیگر بلند مقامات پر جانے والے مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔