برنالہ میں چوری کی کوشش ناکام ،گولڈ شاپ سے سونا لے کر بھاگنے والے میاں بیوی گرفتار

بھمبر (کشمیر ڈیجیٹل)بھمبر کی تحصیل برنالہ میں چالیس لاکھ سے زائد مالیت کے سونے کی چوری ناکام، چور ہزاری چیک پوسٹ سے گرفتار کر لیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق برنالہ بازار میں گولڈ شاپ پر میاں بیوی گاہک بن کر آئے چوروں نے دکاندار کو سونا چیک کرانے کو کہا اور جوں ہی دکاندار نے سونا کاؤنٹر پر رکھا دونوں ملزمان سونا اٹھا کر بھاگ نکلے ، دکانداروں کے شور مچانے پر شہر میں تعینات ٹریفک انچارج صابر حسین مہر نے تمام چوکیوں پر کال کر کے الرٹ کر دیا

ملزمان نے آزاد کشمیر کی حدود سے نکلنے کی کوشش کی مگر پاکستان بھاگنے سے قبل ہی ہزاری چیک پوسٹ پر دھر لیے گئے ، ملزمان جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے سے 40 لاکھ سے زائد مالیت کا سونا برآمد کر لیا گیا ،ملزمان کا تعلق پنجاب کے ضلع سیالکوٹ سے ہے اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں میاں بیوی ہیں، دونوں کو تھانہ برنالہ منتقل کر دیا گیا ، شہریوں نے پولیس کی بروقت کاروائی پر ایس ایس پی بھمبر اور ان کی ٹیم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے

 

Scroll to Top