تتاپانی کو ٹاؤن کمیٹی کا درجہ مل گیا، وزیر ہائر ایجوکیشن نے باقاعدہ نوٹیفکیشن عوام کے حوالے کر دیا

آزاد جموں کشمیر کے وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک نے تتاپانی کو ٹاؤن کمیٹی کا درجہ دلانے کا عوام سے کیا گیا اپنا دیرینہ وعدہ باقاعدہ پورا کر دیا ہے۔ انہوں نے تتاپانی کو ٹاؤن کمیٹی بنانے کا باضابطہ قانونی اور انتظامی نوٹیفکیشن عوامی نمائندوں اور عوام کے حوالے کر دیا۔

گزشتہ شب تتاپانی میں سابق امیدوار اسمبلی و سابق صدر بار سردار آفتاب انجم، صدر انجمن تاجران چوہدری عبدالوحید اور ملک غلام عباس کے ہمراہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ظفر اقبال ملک نے نوٹیفکیشن کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسل تتہ پانی کو ٹاؤن کمیٹی کا درجہ دینے کا اعلان سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے اپنے دورہ تتا پانی کے موقع پر کیا تھا، تاہم اس اعلان کو عملی شکل دینے کے لیے طویل قانونی اور انتظامی کارروائی مکمل کرنا پڑی۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ وزیراعظم فیصل راٹھور کے خصوصی تعاون سے سیکرٹری، تجاوزات انسپکٹر اور دیگر ناگزیر اسامیوں کی منظوری دی گئی جس کے بعد یہ نوٹیفکیشن باقاعدہ جاری کیا گیا۔

وزیر ہائر ایجوکیشن نے اعلان کیا کہ عید کے بعد تتاپانی ٹاؤن کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر کا باقاعدہ تقرر کر دیا جائے گا، جس کے بعد یہ ادارہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔ انہوں نے اس تمام کٹھن اور طویل عمل میں بھرپور تعاون فراہم کرنے پر ڈسٹرکٹ کونسلر عبدالرحیم ملک، یونین کونسل تتاپانی کے مستعفی چیئرمین، وائس چیئرمین، وارڈ ممبران اور اپنی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال قبل حلقہ کے عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے حلقہ راج محل میں تعلیم، صحت، سڑکوں، انفراسٹرکچر اور عوامی سہولیات کے متعدد تاریخی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں جبکہ تعمیر و ترقی کا یہ سفر آئندہ بھی بلاتعطل جاری رہے گا۔

ظفر اقبال ملک نے بعض سیاسی مخالفین کی جانب سے کیے جانے والے منفی پراپیگنڈے، بلاجواز احتجاج اور سوشل میڈیا پر بغیر تحقیق افواہیں پھیلانے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ مخصوص عناصر نے عوام کو گمراہ کرنے اور اس اہم ترقیاتی منصوبے کو دانستہ متنازع بنانے کی ناکام کوشش کی، حالانکہ حکومت تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ٹاؤن کمیٹی کے قیام کے مراحل کو بتدریج مکمل کر رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف جمہوریت کا حسن ہے مگر عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر جھوٹا پراپیگنڈہ، سیاست چمکانا اور بے بنیاد الزامات عائد کرنا انتہائی افسوسناک عمل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت آزاد کشمیر کا بڑا فیصلہ؛ ضلع کوٹلی کے مشہور سیاحتی مقام تتہ پانی کو ٹاؤن کمیٹی کا درجہ دے دیا گیا 

انہوں نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سال 2021ء سے قبل حلقہ راج محل کو دانستہ طور پر پسماندہ رکھا گیا، جہاں بنیادی انفراسٹرکچر تباہ حال تھا، تعلیمی ادارے بنیادی سہولیات سے یکسر محروم تھے، سڑکوں کی حالت انتہائی خراب تھی اور نوجوانوں کو روزگار و تعلیم کے مناسب مواقع میسر نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں اور نام نہاد عوامی نمائندوں نے صرف کھوکھلے دعوے کیے مگر عملی طور پر عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ آج راج محل کے عوام باشعور اور بیدار ہو چکے ہیں اور وہ اصلی اور جعلی عوامی نمائندوں کے درمیان فرق کو بخوبی جانتے ہیں کیونکہ عوام اب نعروں کے بجائے عملی کارکردگی دیکھ رہے ہیں۔ مخالفین کو حلقہ میں ہونے والی ریکارڈ ترقی ہضم نہیں ہو رہی، اسی لیے وہ سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔

وزیر ہائر ایجوکیشن نے اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی و ریاستی قیادت کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل، جمہوری اقدار کے فروغ اور آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کو اولیں ترجیح دی کیونکہ پیپلزپارٹی صرف عملی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان ملک کی سلامتی اور استحکام کی ضامن ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنایا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، آزاد کشمیر کے عوام حق خودارادیت کے حصول تک اپنے مظلوم بھائیوں کے ساتھ ہر سطح پر کھڑے رہیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ حلقہ راج محل میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں جن میں درجنوں تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن، طلبہ کے لیے سفری سہولیات اور سڑکوں کی تعمیر شامل ہے۔ تعلیمی پیکیج کے تحت گورنمنٹ بوائز ہائی سکول تتہ پانی، گورنمنٹ گرلز مڈل سکول بگاہ، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول جنجوڑہ سمیت سرل گلی، جنجاڑہ، ٹینڈہ ناڑیاں، ساوڑ، کلہار، قمروٹی اور گواں کے تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کی گئی جبکہ اکالی منجیاڑہ، چڑنالی، ہلاں گوئی، ساوڑ، چہیار پناگ، ہری دھڑہ اور پراڑیاں کے مڈل سکولوں کو بھی اپ گریڈ کیا گیا۔ اسی طرح گرلز ہائی سکول دندلی اور پناکھ کی چار دیواریوں کی تعمیر بھی مکمل کرائی گئی۔ پریس کانفرنس میں سردار آفتاب انجم، چودھری وحید، سردار الیاس عرف مندی، ملک غلام عباس، چیئرمین مظہر اقبال، وائس چیئرمین خالد بھٹی، آفتاب ایڈووکیٹ، ملک کانیت، اسد علی، میر حسین، نائیک سردار زراعت اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔