سوات ایکسپریس وے پر ہولناک ٹریفک حادثہ، تیز رفتار وین بس سے ٹکراگئی، 16 مسافر جاں بحق

مردان / پشاور: سوات ایکسپریس وے پر ایک انتہائی خوفناک اور افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جہاں ایک تیز رفتار مسافر وین کھڑی بس سے ٹکرا گئی ہے۔ اس دلخراش واقعے کے نتیجے میں اب تک 16 مسافر جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہیں۔

مردان پولیس کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق، حادثے کا شکار ہونے والی مسافر وین دیر کی طرف جا رہی تھی کہ سوات ایکسپریس وے پر سائیڈ پر پارک کی گئی ایک بس کو اس نے پیچھے سے انتہائی زور دار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ مسافر وین بری طرح تباہ ہو گئی اور موقع پر ہی بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: کوٹلی میں ٹریفک حادثہ، نوجوان لڑکی مریم موقع پر جاں بحق ، 8زخمی

موٹروے پولیس کے مطابق یہ دردناک حادثہ اسماعیلہ کے قریب پیش آیا، جہاں واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو گاڑی سے نکالا۔ حادثے میں 8 افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں میں سے 3 مسافروں کی حالت انتہائی نازک بتائی جاتی ہے۔

موٹروے پولیس کا ابتدائی تفتیش کے بعد بتانا ہے کہ یہ خوفناک حادثہ مسافر وین کے ڈرائیور کی شدید غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا ہے۔ پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی لاشیں ضروری قانونی اور ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد جلد ہی ان کے سوگوار ورثا کے حوالے کر دی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: پیرچناسی روڈ پر ٹریفک کا المناک حادثہ، ایک شخص جاں بحق، 2 افراد زخمی