پیٹرول کی قیمتوں میں اتنا اضافہ ہوگا کہ موجودہ ریٹس نعمت لگیں گے، ایرانی اسپیکر کی وارننگ

آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے خدشات نے عالمی سطح پر توانائی کے بحران کا خطرہ پیدا کر دیا ہے۔ اس صورتحال میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کے ایک حالیہ بیان نے عالمی منڈیوں میں کھلبلی مچا دی ہے۔

محمد باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اپنے بیان میں کہا کہ لوگ موجودہ پیٹرول قیمتوں کو “انجوائے کریں” کیونکہ اگر آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی ہوئی تو عالمی مارکیٹ میں قیمتیں اس قدر تیزی سے بڑھیں گی کہ موجودہ نرخ نعمت محسوس ہوں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسی صورتحال میں لوگ 4 سے 5 ڈالر والے تیل کو یاد کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا ایران معاہدہ نہ ہونے کا اثر، تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوگیا

معروف ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ ایرانی اسپیکر کا بیان دراصل ایک ریاضیاتی مثال ہے جو ظاہر کرتی ہے کہ آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ تیل کی قیمتوں میں پہلے ابتدائی اور پھر مسلسل بڑے اضافے کا باعث بنے گی۔ ماہرین کے مطابق اس سے نہ صرف سپلائی چین متاثر ہوگی بلکہ عالمی توانائی مارکیٹ پر دباؤ اس قدر بڑھے گا کہ پیٹرول کے ساتھ دیگر اشیاء کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں گی۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا میں تیل کی ترسیل کا سب سے اہم ترین راستہ تصور کیا جاتا ہے، جہاں کسی بھی قسم کی کشیدگی عالمی معیشت کو شدید متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

مزید پڑھیں: سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ سونا 1600 روپے سستا ہو گیا