بابر اعظم

بابر اعظم کے ٹی 20کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز مکمل، کرس گیل کو پیچھے چھوڑگیا

پشاور زلمی کے کپتان اور قومی ٹیم کے مایہ ناز بیٹربابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز مکمل کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل کو پیچھے چھوڑدیا ۔

تفصیلات کے مطابق  کرس گیل نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی345 اننگز میں 12ہزار رنز بنائے تھے جو بابراعظم نے 338 اننگز میں بنا کر ان کا ریکارڈ توڑدیا ۔ پاکستانی اسٹار بیٹر نے یہ سنگ میل پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کے خلاف ایک میچ کے دوران عبور کیا ۔

اس فہرست میں دنیا کے دیگر نمایاں بلے بازوں میں بھارت کے ویرات کوہلی شامل ہیں جنہوں نے 360 اننگز میں یہ ہدف حاصل کیا جب کہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نے 368 اننگز میں 12 ہزار رنز مکمل کیے ۔ فہرست میں اب بابر اعظم پہلے نمبر پر آ گئے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد یونائیٹڈسے شکست بدقسمتی نہیں ، ہماری اپنی غلطی تھی : سکندر رضا

یہ بھی قابل ذکر ہے کہ بابراعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 12 ہزار رنز بنانے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی ہیں ۔ اس سے قبل یہ اعزاز شعیب ملک کے پاس تھا جنہوں نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 13,571 رنز اس فارمیٹ میں بنائے ہیں ۔

بابر اعظم کی مسلسل کارکردگی ، تکنیکی مہارت اور مختلف حالات میں رنز بنانے کی صلاحیت نے انہیں دنیا کے بہترین ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں کی صف میں شامل کر دیا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے بڑی شراکت داری کا ریکارڈ قائم

ان کی یہ کامیابی نہ صرف پشاور زلمی بلکہ پاکستان کرکٹ کے لیے بھی ایک بڑا اعزاز تصور کی جا رہی ہے ، جو بین الاقوامی سطح پر پاکستانی بیٹنگ کے معیار کو مزید مضبوط کرے گی ۔

Scroll to Top