ہٹیاں بالا اور چناری بازار میں ٹریفک مسائل کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ

ہٹیاں بالا: بازار چناری اور ہٹیاں بالا میں بے ہنگم ٹریفک اور رانگ پارکنگ کے باعث عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس حکم کے تحت شاہراہ سری نگر کے دونوں جانب گاڑیوں کی پارکنگ پر پابندی ہوگی جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کو مخصوص اڈوں میں کھڑا کرنا لازم ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق چناری اور ہٹیاں بالا بازار میں اکثر ٹریفک جام کی صورتحال رہتی ہے جس کی بڑی وجوہات میں رانگ پارکنگ، پبلک ٹرانسپورٹ کی جگہ جگہ سٹاپنگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی شامل ہیں۔ اس بدنظمی کے باعث نہ صرف عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ ایمرجنسی میں ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ کی بروقت نقل و حرکت بھی متاثر ہوتی ہے۔

اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سب ڈویژن مجسٹریٹ ہٹیاں بالاکامران خان نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت احکامات جاری کیے ہیں جن کے مطابق:

۔شاہراہ سری نگر کے دونوں اطراف کسی بھی قسم کی گاڑی یا رکشہ پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
۔پبلک ٹرانسپورٹ کو مقرر کردہ اڈوں میں ہی کھڑا کیا جائے گا۔
۔بازار میں جگہ جگہ سٹاپنگ پر مکمل پابندی ہوگی۔
۔گاڑیوں میں کالے شیشے لگانے، پریشر ہارن کے استعمال اور دیگر غیر قانونی اقدامات پر سختی سے کارروائی کی جائے گی۔

حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انتظامیہ نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں تاکہ آمد و رفت میں بہتری لائی جا سکے اور عوامی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو۔

Scroll to Top