مظفرآباد:26 فروری 2025 ، آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ بلند مقامات جیسے وادی لیپہ، نیلم ویلی، پیر چناسی اور مکڑا پہاڑ میں شدید برفباری ہو رہی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں مسلسل بارش سے ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے۔ مسلسل بارشوں کے باعث راستے متاثر ہوئے ہیں اور ٹھنڈی ہواؤں نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔
آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت اس طرح ہے۔ مظفرآباد میں دن کا درجہ حرارت 8°C جبکہ رات کو 4°C تک گرنے کا امکان ہے۔ وادی لیپہ میں شدید برفباری جاری ہےجہاں درجہ حرارت 1°C جبکہ رات میں -4°C تک پہنچ جاتاہے۔
بلند مقامات پر ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ برف کا راج برقرار ہے۔ پیر چناسی میں درجہ حرارت -2°C اور رات میں -6°C تک گرنے کا امکان ہےجبکہ نیلم ویلی میں دن میں 3°C اور رات میں -3°C ریکارڈ کیا گیا ہے۔ باغ، راولا کوٹ اور کوٹلی میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہےاوردرجہ حرارت بالترتیب 6°C، 7°C اور 10°C ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر میں اگلے دو دنوں تک مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ خاص طور پر لیپہ ویلی، نیلم ویلی، پیر چناسی اور باغ کے بلند علاقوں میں شدید برفباری کی متوقع ہے اس کے علاوہ مظفرآباد، کوٹلی اور راولا کوٹ میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بالائی وادی نیلم کے سیاحتی مقام تاوبٹ سے ملحقہ گاؤں دودگئیاں میں برفانی تودہ گرنے سے تین نوجوان برفانی تودے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے تھے ،ممکنہ برفباری کے باعث راستے بند ہونے کا خدشہ ہے اور انتظامیہ نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
آزاد کشمیر کے علاوہ پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی موسم سرد اور کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اوراگلے دو روز تک یہ سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی ہے۔ آج درجہ حرارت 12°C ہے جو رات میں 6°C گر سکتاہے۔ لاہور میں بھی آج جزوی طور پر بادل چھائے رہیں گےجبکہ رات میں بارش کا امکان ہےجہاں آج درجہ حرارت 16°C ہے اور رات میں درجہ حرارت 9°C تک گر سکتا ہے۔
کراچی میں موسم خشک اور خوشگوار رہنے کے ساتھ درجہ حرارت 21°C ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پشاور میں بھی آج ہلکی بارش متوقع ہے دوسری جانب کوئٹہ میں بھی سخت سردی کا راج ہے جہاں درجہ حرارت 5°C سے -2°C تک گرنے کا امکان ہے۔ گلگت میں بھی برفباری متوقع ہے جس کے باعث درجہ حرارت 3°C سے -4°C تک گرسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات اور مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ برفباری والے علاقوں میں سفر کرنے والے افراد کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ سفر سے پہلے سڑکوں کی صورتحال چیک کریں اور گرم کپڑوں کے ساتھ مکمل تیاری کے بعد ہی نکلیں۔
شدید بارشوں کے باعث پھسلن اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے اس لیے ڈرائیور حضرات کو محتاط ڈرائیونگ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کسانوں کے لیے یہ بارشیں فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہیں تاہم شدید برفباری سے معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔