نیوزی لینڈ کے نوجوان بیٹر راچن رویندرا نےآئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں اپنی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سنچری کے ساتھ ایک نیا عالمی ریکارڈ بنا لیا ہے۔
پیر کے روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلادیش کے خلاف اپنے پہلے چیمپئنز ٹرافی میچ میں انہوں نے شاندار سنچری اسکور کی جس کے ساتھ ہی وہ ون ڈے ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی دونوں کے ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین ہیں۔
راچن رویندرا،انجری کے باعث پاکستان کے خلاف افتتاحی میچ میں شرکت سے محروم رہے تھے تاہم ڈیرل مچل کی بیماری کے باعث انہیں بنگلادیش کے خلاف پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیاجہاں انہوں نے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 112 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے 237 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کپتان ٹام لیتھم کے 55 رنز کی بدولت آسانی سے کامیابی حاصل کر تے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ اس یادگار اننگز کے ساتھ راچن رویندرا نیوزی لینڈ کے لیے آئی سی سی ایونٹس میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں جنہوں نے محض 30 ون ڈے اننگز میں چار سنچریاں بنا لی ہیں۔
یاد رہے کہ 2023 کے ورلڈ کپ میں بھی انہوں نے انگلینڈ کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ میں سنچری اسکور کی تھی۔ کرکٹ کی تاریخ میں 19 کھلاڑی ورلڈ کپ ڈیبیو پر اور 15 کھلاڑی چیمپئنز ٹرافی میں اپنے پہلے میچ میں سنچری بنا چکے ہیں لیکن راچن رویندرا واحد بیٹر ہیں جنہوں نے دونوں ٹورنامنٹس کے ڈیبیو میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔