کوٹلی :مدینۃ المساجد خانقاہ فتحیہ الفردوس درس شریف گلہار کے زیر انتظام تربیت یافتہ 1527 حفاظ کرام اندرون و بیرون ملک مختلف مقامات پر نمازِ تراویح میں قرآن کریم سنانے کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ اس سال بھی سیکڑوں مساجد ان کی خوش الحانی سے گونجیں گی جب کہ درجنوں گھروں میں حافظات کرام بھی نمازِ تراویح کی امامت کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق گلہار شریف میں منعقدہ خصوصی مجلس کے دوران قاضی محمد رفیق، حافظ تنویر الاسلام اور حافظ محمد مقصود نے اس سال نمازِ تراویح کے لیے مقرر کیے جانے والے حفاظ کرام اور مساجد کی تفصیلات کا اعلان کیا۔ جاری کردہ فہرست کے مطابق بیرونِ ملک 123، جبکہ پاکستان کی 66 مساجد میں حفاظ کرام قرآن سنائیں گے۔ مزید برآں آزاد کشمیر میں ضلع بھمبر کی 51، ضلع میرپور کی 186، ضلع کوٹلی کی 978، ضلع سدھنوتی کی 17، ضلع پونچھ کی 48 اور ضلع مظفرآباد کی 7 مساجد میں حفاظ کرام کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ علاوہ ازیں 51 گھروں میں حافظات کرام بھی نماز تراویح میں مکمل قرآن کریم سنانے کی سعادت حاصل کریں گی۔
خانقاہ فتحیہ الفردوس درس شریف گلہار کے زیر انتظام مدارس ہر سال درجنوں حفاظ کرام کی تیاری میں مصروف رہتے ہیں، جن میں سے اس سال 253 حفاظ کرام نے حفظ اور منزل کی تکمیل کی ہے۔ اس وقت تقریباً 200 مدارس میں سالانہ سینکڑوں طلبہ ناظرہ قرآن کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جب کہ بعض مرکزی مدارس میں درسِ نظامی کی اعلیٰ دینی تعلیم بھی دی جا رہی ہے۔
یہ دینی و تعلیمی خدمات قبلہ حضرت جی علیہ الرحمہ کی جلائی ہوئی اس روحانی شمع کا تسلسل ہیں جس کے تحت ہر سال کی طرح اس بار بھی سینکڑوں مساجد میں نمازِ تراویح کے ذریعے کلامِ الٰہی کی تلاوت کی سعادت حاصل کرنے والے یہ حفاظ کرام گلہار شریف کے علم و نور کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔