باغ(کشمیر ڈیجیٹل ) آزاد کشمیر حکومت کے وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید نے کہا ہے کہ اللہ کی زمین پر انصاف قائم کر کے دنیا و آخرت میں کامیابی ممکن ہے ۔
میرٹ کی بالا دستی اور اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں ،اسلامی معاشرے کے قیام کے لیے دین سیکھنا اور اس پر عمل کرنا ہو گا عدل کے بغیر معاشرے تباہ و برباد ہو جاتے ہیں ہمیں معاشرے میں عدل قائم کرنا ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ باغ کے موقع پر جگلڑی میں سڑک کے افتتاح کے بعد منعقدہ محفل سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا
پیر مظہر سعید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر بے داغ اور میرٹ کی بالا دستی پر یقین رکھنے والی شخصیت ہیں، ریاست کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے دن رات انکی قیادت میں حکومت کام کر رہی ہے۔باغ کے غیور عوام اداروں کیساتھ کھڑے ہیں ،لوگوں نےہمیشہ انتشار کو مسترد کیا۔
اس سے قبل دورہ باغ کے موقع پر جگلڑی پہنچنے پر انکا فقید المثال استقبال کیا گیا، پیر مظہر سعید نے مزید کہا کہ اسلامی معاشرہ ہی ہماری کامیابی کا ضامن ہے انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاشرے میں انصاف کے قیام کے لیے اداروں سے رشوت اور سفارش کا کلچر ختم کر دیا ہے اب عوام کے جائز کام انکی دہلیز پر حل ہو رہے ہیں۔
حکمرانی مشکل ترین کام ہے انصاف قائم نہ ہوا تو پوچھا جائے گا جس کے پاس جتنا بڑا عہدہ ہے وہ اتنا ہی زیادہ ذمہ دار ہے ہم سب کو ملکر دین کے مطابق معاشرے کی بنیاد رکھنا ہو گی جس میں عدل ہو، غریب امیر کا فرق ختم ہو اور پسا ہوا طبقہ سامنے آ سکے۔