ویرات کوہلی

بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا

بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے کرکٹ کے مداحوں کے لیے ایک اور تاریخی کارنامہ انجام دیتے ہوئے سابق بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا ۔

ویرات کوہلی اب انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے تیز 28 ہزار رنز بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں۔ یہ سنگِ میل انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں حاصل کیا، جہاں انہوں نے شاندار 93 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا ۔

ویرات کوہلی نے یہ کارنامہ 624 انٹرنیشنل اننگز میں انجام دیا، جبکہ اس سے قبل یہ ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا، جنہوں نے 644 اننگز میں 28 ہزار رنز مکمل کیے تھے ۔ اس طرح ویرات نے نہ صرف تیز ترین رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ دنیا کے بہترین بیٹرز میں اپنی حیثیت کو مزید مضبوط کر دیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:تیسرا ٹی 20، سری لنکا نے پاکستان کو 14رنز سے شکست دیدی ، سیریز 1، 1سے برابر

پہلے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 300 رنز بنائے، اس دوران ڈیرل مچل نے 84 رنز کی متاثر کن اننگز کھیلی ۔ بھارت کی ٹیم نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ویرات کوہلی اور شبمن گل کی نصف سنچریوں کی بدولت ہدف 49 اوورز میں حاصل کر لیا۔ نتیجتاً بھارت نے نیوزی لینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دی اور تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ۔

یہ ریکارڈ ویرات کوہلی کی مستقل کارکردگی اور عالمی کرکٹ میں ان کی مہارت کی عکاسی کرتا ہے ۔ بیٹنگ میں ان کی تکنیک، دباؤ میں برداشت ، اور کھیل کے ہر فارمیٹ میں رنز بنانے کی صلاحیت نے انہیں موجودہ دور کے سب سے بڑے کرکٹرز میں سے ایک بنا دیا ہے ۔ ویرات کوہلی کا یہ سنگِ میل نہ صرف بھارتی کرکٹ کیلئے فخر کا باعث ہے بلکہ پوری دنیا میں کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک یادگار لمحہ ہے ۔

Scroll to Top