مظفرآباد: آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے بلدیاتی نمائندگان کی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے حکومت کو سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔ عدالت نے حکومت کو پابند کیا ہے کہ 1990 ایکٹ پر مکمل عملدرآمد کیا جائے اور ایم ایل اے کے ذریعے ترقیاتی فنڈز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔
بلدیاتی نمائندگان نے 2023 میں مختلف رٹ درخواستیں دائر کی تھیں جن پر ڈویژنل بینچ نے سماعت کی اور اس سلسلے میں ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اور جسٹس خالد رشید پر مشتمل بینچ نے فیصلہ سنایا۔ مقدمے کی پیروی معروف وکلاء راجہ سجاد ایڈووکیٹ، بیرسٹر ہمایوں نواز، اور راجہ ناصر ایڈووکیٹ نے کی۔
عدالتی فیصلے میں حکومت کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ بلدیاتی نمائندوں کو ان کے آئینی اختیارات فراہم کرے اور ترقیاتی فنڈز کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے۔ اس فیصلے کو بلدیاتی نمائندوں کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے جبکہ حکومتی حلقوں میں اس پر مختلف ردِعمل سامنے آ رہے ہیں۔