حج 2026 انتظامات:حجاز مقدس میں عازمین حج کے لیے بڑی سہولیات

آئندہ سال فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے والے عازمین حج کو حجاز مقدس میں گھر سے گھر تک سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں عازمین حج کو سفر کے آغاز سے لے کر واپسی تک مکمل معاونت فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ حج کے دوران درپیش امور کو بہتر انداز میں منظم کیا جا سکے۔

اطلاعات کے مطابق ایئرپورٹ سے روانگی کے مرحلے سے لے کر وطن واپسی تک معاون عملہ عازمین حج کے ساتھ موجود رہے گا۔ معاون عملے کی ذمہ داری ہو گی کہ وہ عازمین حج کی ہر مرحلے پر رہنمائی کریں اور انہیں درکار سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اس انتظام کے تحت عازمین حج کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عبادات کی ادائیگی، رہائش، ٹرانسپورٹ اور کسی بھی بیماری کی صورت میں مدد فراہم کی جائے گی۔

حج 2026 کے لیے وزارت مذہبی امور کی جانب سے مجموعی طور پر 880 خدام الحاج کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ یہ خدام مختلف ذمہ داریاں انجام دیں گے اور عازمین حج کی معاونت کے لیے متعین ہوں گے تاکہ حج کے دوران انتظامی امور کو منظم رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: حج 2026 :سخت ترین طبی قوانین نافذ ،بیمار افرادپرپابندی

خدام الحاج کے انتخاب سے متعلق معیار بھی واضح کر دیا گیا ہے۔ گریڈ 17 اور 18 کے افسران خدام الحاج کے لیے اہل ہوں گے، جن کے لیے عمر کی حد 45 سال مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح فیلڈ معاون عملے کے لیے گریڈ 11 سے 16 تک کے اہلکار اہل ہوں گے، جن کی عمر کی حد 25 سے 45 سال مقرر کی گئی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق معذور اور کمزور جسامت کے افراد کو معاونین کے لیے نا اہل قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہائی بلڈ پریشر، شوگر اور دل کی بیماریوں میں مبتلا افراد بھی معاون عملے کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔ انتخاب کے عمل کے دوران تحریری ٹیسٹ میں کامیاب امیدواروں کے لیے پانچ کلومیٹر کی دوڑ بھی لازمی قرار دی گئی ہے تاکہ جسمانی اہلیت کو جانچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:حج انتظامات میں انقلابی قدم،ڈرونز کے ذریعے ادویات سپلائی ہونگی

یہ تمام انتظامات حج 2026 کے دوران عازمین حج کی سہولت اور رہنمائی کے لیے کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد حج کے سفر کو منظم اور سہل بنانا ہے۔

Scroll to Top