امریکا

بھارتی شہریوں کے امریکا میں بچے پیدا کرکے شہریت لینے کے خواب ٹرمپ نے چکنا چور کردیئے

نئی دہلی : امریکا نے بھارت سے سیاحتی ویزا پر سفر کرنے کے خواہشمند افراد کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی درخواست گزار کا اصل مقصد امریکا جا کر بچےکی پیدائش کروا کر اسے امریکی شہریت دلوانا ہوا تو اس کی ویزا درخواست فوری طور پر مسترد کر دی جائے گی ۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ سیاحتی ویزا کو ایسے مقاصد کے لیے استعمال کرنا ویزا قوانین کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا، جس پر سخت قانون کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

امریکی سفارتخانے کی جانب سے بھارتی شہریوں کیلئے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قونصلر افسران اگر شواہد یا اندازوں کی بنیاد پر اس نتیجے پر پہنچیں کہ درخواست گزار کا بنیادی مقصد برتھ ٹورزم ہے تو ویزا جاری نہیں کیا جائے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ کاایک بار پھر تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی جنگ بندی کروانے کا دعویٰ

بیان میں مزید بتایا گیا کہ ویزا درخواست دہندگان کی آن لائن اور سوشل میڈیا سرگرمیوں کی جانچ کے عمل کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔ یہ اقدامات اب صرف سیاحتی ویزا تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ H-1B ویزا رکھنے والوں اور ان کے H-4 ڈیپنڈنٹس پر بھی لاگو ہوں گے ۔

امریکہ کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت میں بڑی تعداد میں ویزا درخواست دہندگان کو اچانک اپنی انٹرویو تاریخوں میں تبدیلی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث عوامی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے ۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی دوسری مدتِ صدارت کے شروع پر پیدائش کی بنیاد پر شہریت دینے کے قانون کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم امریکی عدالتوں نے اس فیصلے پر عملدرآمد روک دیا ، جس کے باعث یہ معاملہ تاحال قانونی مراحل میں زیرِ سماعت ہے ۔

Scroll to Top