پاکستان مخالف مواددکھانے پر بھارتی فلم ’دھریندر‘ پر خلیجی ممالک میں پابندی

پاکستان مخالف مواد پیش کیے جانے پر بالی ووڈ کی ایکشن فلم ’دھریندر‘ کو خلیجی ممالک میں نمائش کی اجازت نہیں دی گئی۔

اطلاعات کے مطابق اس بھارتی فلم میں شامل حساس سیاسی مواد اور پاکستان سے متعلق منفی و تعصب پر مبنی مناظر پر خلیجی اتھاریٹیزنے شدید تحفظات کا اظہار کیا، جس کے بعد فلم کی ریلیز روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین اور عمان نے مشترکہ طور پر بھارتی فلم ’دھریندر‘ کو اپنے ممالک میں نمائش سے روک دیا۔ ان ممالک میں فلم کی سینما ریلیز کے لیے باضابطہ درخواست دی گئی تھی، تاہم حکام کی جانب سے مواد کا جائزہ لینے کے بعد اس درخواست کو مسترد کر دیا گیا۔ اس فیصلے کے نتیجے میں فلم کو خلیجی تعاون کونسل (GCC) کے کسی بھی رکن ملک میں ریلیز کی اجازت نہیں مل سکی۔

ذرائع کے مطابق فلم میں پاکستان کے حوالے سے پیش کیے گئے مناظر اور بیانیے کو حساس اور متنازع قرار دیا گیا، جس پر خلیجی ممالک نے واضح مؤقف اپناتے ہوئے نمائش روکنے کا اقدام کیا۔ حکام کا مؤقف تھا کہ ایسے مواد کی اجازت نہیں دی جا سکتی جو کسی ملک کے خلاف تعصب یا سیاسی حساسیت کو ابھارتا ہو۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج نے بھارت کے 12 کے قریب طیارے مار گرائے، فوٹیجز صرف 8 کی سامنے آئیں،سردار عتیق خان

فلم ’دھریندر‘ میں معروف بھارتی اداکار رنویر سنگھ سمیت دیگر فنکار شامل ہیں اور رپورٹس کے مطابق فلم نے دیگر خطوں میں باکس آفس پر کامیابی حاصل کی، تاہم خلیجی ممالک میں پابندی کے باعث اسے وہاں سینما ریلیز سے محروم ہونا پڑا۔ اس فیصلے کے بعد فلم کی خلیجی مارکیٹ میں نمائش کا امکان مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب کسی بھارتی فلم کو مشرق وسطیٰ میں اس نوعیت کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اس سے قبل بھی مختلف بھارتی فلموں کو مواد پر اعتراضات کی بنیاد پر خلیجی ممالک میں نمائش کی اجازت نہیں دی گئی۔ ماضی میں ایسے کئی واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں جہاں حساس یا متنازع مواد کے باعث فلموں کی ریلیز روکی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:نجم سیٹھی کا تہلکہ!عمران خان کے کہنے پر ان کی بہنیں بھارتی میڈیا کو انٹرویو دے رہی ہیں

بھارتی فلم ’دھریندر‘ کے معاملے میں بھی خلیجی ممالک کا فیصلہ مکمل طور پر فلم کے مواد کے جائزے اور اس پر اٹھائے گئے اعتراضات کی بنیاد پر کیا گیا۔

Scroll to Top