رٹھوعہ ہریام پل کا کام شروع ہوچکا، جلد عوام کیلئے کھول دیا جائے گا،صدر آزاد کشمیر

 

برمنگھم (کشمیر ڈیجیٹل )صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے  الیکشن میں اپنی انتخابی مہم کے دوران3 بڑے وعدے کیے تھے ان میں ر ٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل ذیلی کنبہ جات کے ایشو کا حل اور پارکنگ پلازہ کی تعمیر شامل تھار ٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل کے منصوبے پر کام شروع ہو چکا ہے بہت جلد یہ پل مکمل ہو کر عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔

مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے توپ و تفنگ سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی انتہا کیے ہوئے ہے۔ہم یہاں برطانیہ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ آزادی کی جدوجہد میں ہم ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ کے شہر برمنگھم میں اوور سیز کشمیریوں کے ایک عظیم الشان جلسہ عام سے اپنے خطاب میں کیا جلسہ عام کی صدارت صدارتی مشیر چوہدری خادم حسین نے کی۔

بیرسٹر سلطان کا کہنا تھا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور سیکولر ریاست ہونے کا دعویدار تھا لیکن جس طرح بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبرکے پہاڑ توڑ رہا ہے اور خود بھارت میں جس طرح اس نے اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے وہاں کی اقلیتیں مشکل صورت حال سے گزر رہی ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کا دو قومی نظریہ کی بنیاد پر پاکستان بنانے کا فیصلہ درست تھا۔مقبوضہ کشمیر میں مودی ہندو توا کی پالیسیوں پر گامزن ہے مودی کی مقبوضہ کشمیر میں اور بھارت کے اندر ظالمانہ پالیسیوں کی وجہ سے جلد بھارت کا شیرازہ بکھرنے والا ہے ۔اضافی کنبہ جات کے حوالے سے منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی کے 20 ویں بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں پی سی ون کی منظوری ہو چکی ہے منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی کے ترمیمی ایکٹ کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے جس سے ادارے کو الاٹ منٹ چیٹیں جاری کرنے کا اختیار مل چکا ہے۔

اگلے چند دنوں میں ذیلی کنبہ جات کا ایشو حل ہو جائے گا جبکہ پارکنگ پلازہ کا پروجیکٹ آخری مراحل میں داخل ہے اس کا باقاعدہ ٹینڈر شائع ہو چکا ہے جلد یہ پلازہ تعمیر ہو جائے گا یہ آزاد کشمیر کا پہلا پارکنگ پلازہ ہو گا۔میرپور میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور سی پیک کے منصوبوں پر جلد کام شروع ہو گا جس میں میرپور، مظفرآباد موٹر وے اور میرپور میں سی پیک بزنس سینٹر کا قیام شامل ہے اس کے علاوہ ہماری حکومت ہیلتھ تعلیم اور دیگر شعبہ جات میں بھی کام کر رہی ہے فری علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہیلتھ کارڈ بہت جلد دئیے جا رہے ہیں۔
80 کروڑ سے زائد ہیلتھ پیکچ کے بعد جلد تعلیمی پیکچ بھی دیا جا رہا ہے۔ آزاد کشمیر میں حکومت بہتر انداز میں کام کر رہی ہے۔ برمنگھم میں جلسہ عام میں آپ نے جس محبت اور عقیدت سے میرا استقبال کیا ہے میں اسے ہمیشہ یاد رکھوں گا تحریک آزادی کشمیر اب فیصلہ کن راؤنڈ میں داخل ہو چکی ہے اس لیے برطانیہ میں مقیم اوورسیز کمیونٹی کو بالخصوص اور دنیا بھر میں مقیم اوورسیز کمیونٹی کو بالعموم جارحانہ انداز میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہو گا برطانیہ میں مقیم اوورسیز کمیونٹی کا تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد میں کردار تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا میں نے بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کیلئے جب بھی برطانیہ کے لوگوں کو آواز دی برطانیہ میں مقیم اوورسیز کمیونٹی نے ہمیشہ میری آواز پر لبیک کہا ہے ہم مستقبل میں بھی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ میں نے آزاد کشمیر میں ہمیشہ روداری اور وضع داری کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور جب میں وزیراعظم تھا تو آزاد کشمیر میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا اور میں اب بھی کوشش کروں گا کہ ایسا ہی ہو۔
میں روداری اور وضع داری کی سیاست کرتا ہوں آزاد کشمیر میں میں کسی کو اپنا سیاسی حریف نہیں سمجھتا میرا اگر کوئی مخالف ہے تو وہ صرف اور صرف مودی ہے۔ میں مودی کا پیچھا دنیا بھر میں کرتا رہوں گا۔ تحریک آزادی کشمیر کے لیے جدوجہد میری سیاست کا نصب العین ہے۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے اور میں اس دفعہ بھی جب برطانیہ آیا ہوں تو میں نے برطانوی پارلیمنٹ میں ممبران پارلیمنٹ کو مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی اور ان سے کہا کہ وہ برطانوی پارلیمنٹ اور حکومت اور دیگر فورمز پر کشمیریوں کی آواز بلند کریں۔ صدر ریاست کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

Scroll to Top