ٹیرف سےملک میں اربوں ڈالر آرہے ہیں: امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ

پنسلوانیا: (کشمیر ڈیجیٹل) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پنسلوانیا میں ایک اہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیرف اب ان کا ’پسندیدہ لفظ‘ بن چکا ہے کیونکہ ٹیرف کے ذریعے امریکا میں اربوں ڈالر آرہے ہیں۔

تقریب میں امریکی صدر نے معاشی ترقی، سرمایہ کاری، بیرونی پالیسی اور بارڈر سکیورٹی سے متعلق متعدد اہم دعوے کیے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ حکومت نے ٹیرف کی رقوم سے امریکی کسانوں کو 12 ارب ڈالر کی امداد فراہم کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انرجی کمپنی پنسلوانیا میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی، جو امریکی معیشت کے لیے خوش آئند قدم ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات نے امریکا میں 4 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، اور تینوں ممالک کے سربراہان کے مطابق ایک سال کے اندر امریکا دوبارہ طاقتور ملک بن چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یورپ اگلے 20 سال میں اپنی شناخت کھو دے گا ،ٹرمپ انتظامیہ کی نئی تنقیدی دستاویز

معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ملک میں تیل کی قیمت دو ڈالر فی گیلن سے نیچے آچکی ہے اور ان کی کوششوں سے محنت کش طبقے کی آمدن دوگنی ہو چکی ہے۔ انہوں نے سابق صدر جو بائیڈن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بائیڈن کی حکومت ورکنگ کلاس کی دشمن تھی اور ان کے دور میں 2 کروڑ 50 لاکھ افراد غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہوئے۔

صدر ٹرمپ نے بارڈر سکیورٹی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی سخت ترین سرحد شمالی کوریا کی ہے جبکہ امریکی تاریخ میں پہلی بار ریورس مائیگریشن ہورہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فیفا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن ایوارڈ سے نواز دیا

عالمی امن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت دنیا میں امن قائم کرنے کے لیے سرگرم ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کروانے کے علاوہ انہوں نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ بھی کیا ہے۔

Scroll to Top