بریڈ فورڈ(کشمیر ڈیجیٹل)صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برطانیہ میں اوورسیز کشمیری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں ہر فورم پر آواز اُٹھانے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں۔
مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے دنیا بھر بالخصوص برطانیہ میں مقیم کشمیری جس جوش و جذبہ کیساتھ کاوشیں کر رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:برطانیہ مسئلہ کشمیر حل کیلئے کردار ادا کرے، مذاکرات میں کشمیریوں کوبھی شامل کیا جائے، بیرسٹر سلطان
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بریڈ فورڈ میں کشمیرپیس فورم انٹرنیشنل برطانیہ(نارتھ زون) کے صدر چوہدری مالک کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر استقبالیہ سے سابق لارڈ میئر نجیب خان، ملک رحمت، طارق ایوب، رشید پوٹھی اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔
صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کو پورے شد ومد سے اُٹھانے کے لئے اپنی کوششیں تیز کر دیں چونکہ مسئلہ کشمیر ایک اہم اور نازک موڑ میں داخل ہو چکا ہے ایسے میں اوورسیز کشمیری بالخصوص برطانیہ میں مقیم کشمیری متحرک و متحد ہو کر مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریشہ دوانیوں کو بے نقاب کرنے کے لئے اپنا رول ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں:بیرسٹر سلطان کا اپنی نئی پارٹی بنانے کا عندیہ، میرپور ڈویژن میں13امیدوار کھڑنے کرنے کا اعلان
ہم سب کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ بھارتی مکروہ عزائم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لئے موثر انداز میں آواز بلند کریں۔ بھارت یہ جان لے کہ وہ کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو زیر نہیں کر سکتا اور وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہو گا۔ صدرآزاد کشمیر نے مزید کہا کہ انٹر نیشنل کمیونٹی کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔