مظفر آباد میں مہنگی اشیاء فروخت کرنےوالے7دکاندار گرفتار،بھاری جرمانہ

مظفر آباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں مہنگی اشیاء فروخت کرنے والوں کیخلاف آپریشن، 7دکانداروں کو گرفتار کرلیاگیا،گرانفروشوں کوموقع پر 25 ہزار روپیہ جرمانہ بھی کیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر رورل مظفرآباد حماد بشیرنے دارالحکومت کے مختلف بازاروں ٹاہلی منڈی، نیلم پل اورحیدری بازارکا دورہ کیا اور ریٹ لسٹ چیک کی ۔

بازاروں میں چیکنگ کے دوران 7دکاندار مقرر ریٹ لسٹ سے مہنگی اشیاء فروخت کرتے ہوئے پائے گئے جنہیں گرفتار کرکے بھاری جرمانہ کیا گیا ۔
انتظامیہ کی طرف سے  اپیل کی گئی کہ عوام سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق ہی اشیاء خریدیں،دکاندار سے ریٹ لسٹ طلب کریں اور پھر اس لسٹ کے مطابق اشیاء کی قیمت ادا کریں،اگردکاندارمقررہ ریٹ کے مطابق اشیاء نہ دے تو فورا ً شکایت کریں عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ہر دکاندار جاری کردہ ریٹ لسٹ کو دکان میں آویزاں کرنے کا پابند ہے اور جو ریٹ لسٹ انتظامیہ کی جانب سے جاری کی جاتی ہے اسی ریٹ لسٹ کے مطابق ہی اشیاء فروخت کی جاسکیں گی۔کوئی دکاندار قانون سے بالا تر نہیں ،خلاف ورزی کی صورت میں بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں

وادی لیپہ میں سستی اشیا کی فراہمی کیلئے انتظامیہ متحرک،سخت ہدایات جاری