آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے جس میں دنیائے کرکٹ کی 8 بہترین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی ، تاہم کئی ٹیمیں اپنے اہم ترین کھلاڑیوں کے بغیر ہی میدان میں اتریں گی جو مختلف وجوہات خصوصاً انجری کی وجہ سے ایونٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں کرکٹ کے شائقین اپنے چند پسندیدہ کھلاڑیوں کے کھیل کو دیکھنے سے محروم رہیں گے سب سے پہلے میزبان ٹیم پاکستان کی بات کی جائے تو22 سالہ صائم ایوب ٹیم میں اہم کھلاڑی شمار ہوتے ہیں ،صائم جنوبی افریقہ کےخلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران ٹخنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھےجس کے باعث وہ ایونٹ سے باہر ہو گئے تھے ۔ ان کی غیر موجودگی میزبان ٹیم پاکستان کے لیے ایک خلا ثابت ہو سکتی ہے۔
بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کمر کی انجری کے باعث چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ ان کی جگہ ہرشت رانا کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز ٹخنے کی انجری کے سبب باہر ہو گئے ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں اسٹیو اسمتھ قیادت کریں گے جبکہ
فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے ذاتی وجوہات کی بنا پر چیمپئنز ٹرافی سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے اس کے علاوہ جوش ہیزل ووڈ بھی انجری کے باعث اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے مزید برآں آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس نے ون ڈے کرکٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ لے لی ہے جبکہ مچل مارش فٹنس مسائل کے باعث ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں ۔
جنوبی افریقہ ٹیم کے بھی 2 اہم کھلاڑی ٹیم سے باہر ہیں فاسٹ بولر اینرک نوکیا کمر کی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ جیرالڈ کوئیٹزی ٹریننگ کے دوران ران میں کھنچاؤ کے سبب کھیل نہیں سکیں گے
افغانستان ٹیم کےنوجوان اسپنر ایم غضنفر فریکچر کے باعث 4 ماہ کے لیے کرکٹ سے ویسے ہی باہر ہو گئے ہیں ساتھ ہی انگلینڈ کےنوجوان آل راؤنڈر جیکب بیتھل بھی بدقسمتی سے ہیمسٹرنگ انجری کے باعث چیمپئنز ٹرافی نہیں کھیل سکیں گے، ان کی جگہ ٹام بینٹن کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر بین سیئرز بھی ٹریننگ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے، ان کی جگہ جیکب ڈفی کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کئی بڑے ناموں کی غیر موجودگی میں کس طرح کے میچز شائقین کو دے گی یہ وقت ہی بتائے گا کیونکہ ٹیموں کو اپنے متبادل کھلاڑیوں پر بھروسہ کرنا پڑے گا اور ساتھ ہی یہ ایونٹ نوجوان اور نئے کھلاڑیوں کے لیے ایک بہترین موقع ہوگا کہ وہ عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کےافتتاحی میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ 19 فروری کو کراچی میں مدمقابل ہوں گے۔