شاہین آفریدی نے شائقین کرکٹ سے بڑا مطالبہ کردیا

اسلام آباد : پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے سری لنکن ٹیم کے پاکستان کا دورہ جاری رکھنے پر تشکر کا اظہار کیا اور اسپورٹس مین اسپرٹ کو قابل تعریف قرار دیا۔

شاہین آفریدی نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ 14 اور 16 نومبر کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں راولپنڈی گراؤنڈ پہنچیں تاکہ دونوں ٹیموں کے ون ڈے میچز کا بھرپور لطف اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو سپورٹ کرنے کے لیے سری لنکا کا شکریہ ادا کرتے ہیں، کیونکہ مشکل وقت میں سری لنکا نے پاکستان کا ساتھ دیا۔

سلمان علی آغا نے بھی کہا کہ سری لنکن بورڈ اور کھلاڑیوں کے شکر گزار ہیں، مشکل حالات میں سری لنکا نے پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ گراؤنڈ آ کر ٹیم کی حمایت کریں۔

یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی وزیر اعظم سے ملاقات کر کے عمران خان کے لیے راہ ہموار کریں، فیصل واوڈا

پاکستانی کھلاڑی حارث رؤف اور ابرار احمد نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں سری لنکا کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے فیصلے سے کرکٹ کو جیت ملی اور اس اقدام کو سراہا جانا چاہیے۔

دوسری جانب، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور وفاقی وزیر محسن نقوی نے بھی سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان جاری رکھنے پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم نے کھیل کے جذبے اور یکجہتی کی بہترین مثال قائم کی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکا کا کھیل، دوستی اور اسپورٹس مین اسپرٹ واقعی قابل تعریف ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان شیڈول ون ڈے میچز 14 اور 16 نومبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے بعد، سری لنکن کرکٹ بورڈ نے باضابطہ اعلان کیا کہ کھلاڑی دورہ پاکستان جاری رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا میں مختلف آسامیوں کا اعلان،آخری تاریخ سامنے آ گئی

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جو کھلاڑی وطن واپس جانا چاہیں گے، انھیں اس سے روکا نہیں جائے گا، اور جو کھلاڑی واپس آئیں گے ان کا متبادل کھلاڑی پاکستان بھیج دیا جائے گا تاکہ دورہ بلا تعطل جاری رہے۔

Scroll to Top