پاکستان نے کویت کو شکست دے کر ہانگ کانگ سکسزٹائٹل جیت لیا

ہانگ کانگ سکسز کپ کے فائنل میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کویت کو شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔

اس جیت کے ساتھ پاکستان نے ایک بار پھر مختصر فارمیٹ کرکٹ میں اپنی برتری ثابت کر دی۔ فائنل میچ کے دوران شائقین کرکٹ کو ایک سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا جس میں پاکستانی ٹیم نے بھرپور اعتماد کے ساتھ کھیل پیش کیا۔

پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ چھ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ کپتان عباس آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی یہ کارکردگی ٹیم کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ عبدالصمد نے 42 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ خواجہ نافع نے بھی 22 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کے مجموعے کو مستحکم بنایا۔ پاکستانی بلے بازوں نے فائنل میں بہترین پاور ہٹنگ کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت ٹیم نے بڑا ہدف سیٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی نے سیاست میں شمولیت سے متعلق اہم بیان دے دیا

کویت کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں دباؤ کا شکار نظر آئی۔ پاکستانی بولرز نے درست لائن اور لینتھ پر بولنگ کرتے ہوئے حریف بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔ نتیجے کے طور پر کویت کی ٹیم آخری اوور کی پہلی گیند پر 92 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کے فیلڈرز نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور کئی مواقع پر شاندار کیچز پکڑ کر میچ پر گرفت مضبوط رکھی۔

یہ بھی پڑھیں: اولمپکس 2028 میں کونسی کرکٹ ٹیموں کو شرکت متوقع ہے؟ فارمولا طے

میچ کے اختتام پر پاکستانی کھلاڑیوں نے میدان میں جشن منایا جبکہ شائقین کرکٹ نے بھی ٹیم کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا۔ کپتان عباس آفریدی کی قیادت اور جارحانہ انداز کو کرکٹ حلقوں میں خوب سراہا جا رہا ہے۔ یہ کامیابی پاکستانی ٹیم کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دی جا رہی ہے۔

Scroll to Top