شاہین شاہ آفریدی

ابتدائی اوور میں 24 وکٹیں ، شاہین شاہ آفریدی نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹی 20 کرکٹ میں ابتدائی اوورز میں وکٹ لینے کے حوالے سے عالمی سطح پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔

75 اننگز میں 24 بار ابتدائی اوور میں وکٹ لینے کا یہ ریکارڈ شاہین کو دنیا کے دیگر فاسٹ بولرز سے ممتاز کرتا ہے ۔

ان کا اکانومی ریٹ 5.86 رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ نہ صرف وکٹ لینے میں کامیاب ہیں بلکہ ابتدائی اوورز میں رنز کو بھی قابو میں رکھتے ہیں ۔

ان کے مقابلے میں سابق بھارتی فاسٹ بولر بھونیشور کمار نے 74 اننگز میں 18 بار ابتدائی اوور میں وکٹ حاصل کی ، جس کے باعث وہ دوسرے نمبر پر آتے ہیں ۔

اس کے علاوہ دیگر بین الاقوامی فاسٹ بولرز جیسے افغان پیسر فضل حق فاروقی نے 43 میچز میں 16 بار، نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤدی نے 55 اننگز میں 16 بار اور سری لنکا کے فاسٹ بولر اینجیلو میتھیوز نے 39 اننگز میں 14 بار ابتدائی اوور میں وکٹ حاصل کی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بابر اعظم کی فارم میں واپسی، جنوبی افریقا کیخلاف اننگز کے بعد جذباتی پیغام وائرل

یہ اعداد و شمار واضح کرتے ہیں کہ شاہین آفریدی نے ابتدائی اوورز میں وکٹ لینے کے حوالے سے عالمی معیار قائم کر دیا ہے ۔

واضح رہے کہ شاہین آفریدی اب تک 94 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں اور 122 وکٹیں اپنے نام کر رکھی ہیں ۔

شائقین کرکٹ خاص طور پر ان کے میچ دیکھ کر لطف اندوز ہوتے ہیں کیونکہ وہ ابتدائی اوورز میں جارحانہ انداز میں بولنگ کرتے ہیں اور ٹیم کے لیے فوری وکٹیں حاصل کر کے کھیل کا رخ بدل سکتے ہیں ۔

ان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا بجا ہوگا کہ شاہین آفریدی نہ صرف پاکستانی کرکٹ کے لیے بلکہ عالمی کرکٹ میں بھی ابتدائی اوورز میں وکٹ لینے کے حوالے سے ایک نمایاں اور اہم فاسٹ بولر کے طور پر جانا جاتا ہے۔

Scroll to Top