کراچی: سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز بڑے اضافے کے بعد آج فی تولہ سونا معمولی طور پر سستا ہوگیا ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا ایک ہزار روپے کمی کے ساتھ 4 لاکھ 18 ہزار 862 روپے پر فروخت ہورہا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونا 857 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 59 ہزار 106 روپے کا ہوگیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 10 ڈالر کمی کے بعد 3965 ڈالر پر آگیا۔
گزشتہ روز سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ 24 کیرٹ فی تولہ سونا 3500 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 19 ہزار 862 روپے تک جا پہنچا تھا جبکہ 10 گرام سونا 3 ہزار روپے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 59 ہزار 963 روپے ہوگیا تھا۔ اس کے علاوہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 140 ڈالر کم ہو کر 3940 ڈالر پر آگیا تھا۔
ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی بنیادی وجوہات عالمی معاشی حالات، ڈالر کے ریٹ اور طلب و رسد میں تبدیلی ہیں۔ یوکرین پر روسی حملوں کے بعد ماسکو کے اثاثوں کے منجمد ہونے کو بھی سونے کی عالمی قیمتوں پر اثر انداز ہونے والا اہم عنصر قرار دیا گیا ہے۔
دنیا بھر میں سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکا سرفہرست ہے جبکہ ایشیا میں چین پہلے اور بھارت دوسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان سونے کے ذخائر کی عالمی فہرست میں 49 ویں نمبر پر موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر ٹرمپ کا مودی پر طنزیہ وار، اے پی ای سی سمٹ میں ’قاتل‘ قرار دے دیا
ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق 2024ء میں دنیا کے مرکزی بینکوں نے ایک ہزار میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدا، جو گزشتہ دہائی کی اوسط سالانہ خریداری سے تقریباً دوگنا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید تبدیلی کے امکانات موجود ہیں۔




