گھر پر خالص سونا پہچاننے کے آسان طریقے

لاہور: سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کی دلچسپی کو ایک بار پھر اس قیمتی دھات کی طرف موڑ دیا ہے، لیکن خالص سونا پہچاننا آج بھی عام خریدار کے لیے ایک مشکل مرحلہ ہے۔

مارکیٹ میں ایک تولہ سونا مختلف قیمتوں میں فروخت ہو رہا ہے۔ ایک سیٹ کی قیمت 4 لاکھ 31 ہزار روپے سے زائد ہے، جبکہ دوسرا 3 سے ساڑھے 3 لاکھ روپے میں دستیاب ہے۔ وزن ایک جیسا ہے، لیکن قیمت میں واضح فرق کیوں؟ ماہرین کے مطابق اس فرق کی بنیادی وجہ کیرٹ ہے۔ 18، 20 اور 22 کیرٹ سونے میں خالص سونے کی مقدار مختلف ہوتی ہے، جبکہ 24 کیرٹ کو خالص ترین سونا مانا جاتا ہے۔

سناروں کا کہنا ہے کہ عام خریدار کے لیے ان میں فرق سمجھنا آسان نہیں ہوتا، جس کا فائدہ بعض تاجر اٹھا لیتے ہیں۔سونا بیچتے وقت بھی احتیاط ضروری ہے کیونکہ 20 سے 30 فیصد تک کٹوتی معمول کی بات ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ زیور پگھلانے اور دوبارہ بنانے کے عمل میں تھوڑا سا سونا ضائع ہو جاتا ہے۔

ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ سونا خریدتے وقت صرف چمک یا ڈیزائن پر دھیان نہ دیں بلکہ کیرٹ، قیمت، رسید اور کٹوتی کی تفصیل لازمی چیک کریں۔ سرمایہ کاری کے لحاظ سے بہترین حکمت عملی یہ ہے کہ جب سونے کی قیمت کم ہو تو خریدیں اور جب زیادہ ہو تو فروخت کریں۔

گھر پر خالص سونا جانچنے کے آسان طریقے :

ماہرین کے مطابق گھر پر سونے کی جانچ کے لیے چند آسان اور مؤثر طریقے موجود ہیں:

سرکہ ٹیسٹ: سفید سرکہ میں سونا ڈالیں، اگر رنگ بدل جائے تو یہ خالص نہیں ہے۔

لائٹر ٹیسٹ: سونا آگ کے سامنے رکھتے ہوئے دیکھیں، اصلی سونا جلدی چمکتا ہے اور نہیں جلتا، جبکہ جعلی دھاتیں سیاہ یا دھندلی ہو جاتی ہیں۔

مییک اپ ٹیسٹ: فاؤنڈیشن کی خشک سطح پر سونا رگڑیں، اگر رنگ میں تبدیلی آئے تو یہ جعلی ہے۔

فلوٹ ٹیسٹ: پانی کے گلاس میں سونا ڈالیں، اصلی سونا نیچے بیٹھ جائے گا جبکہ جعلی سونا اوپر یا درمیان میں معلق رہے گا۔

مقناطیس ٹیسٹ: سونا مقناطیس سے نہیں چپکتا، اگر چپکے تو یہ جعلی ہے۔

تیزاب ٹیسٹ: نائٹرک اور نائٹروہائیڈروکلورک ایسڈ کے استعمال سے سونے کی اصلیت اور کیرٹ معلوم کی جا سکتی ہے۔

خراش ٹیسٹ: سخت سطح پر رگڑنے سے اصلی سونا زرد دھبہ چھوڑتا ہے، جبکہ جعلی سونا سیاہ دھبہ بناتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا فیس جمع کرانے کا طریقہ تبدیل؛ نیا پلان سامنے آگیا

یہ آسان گھریلو ٹیسٹ خریداروں اور سرمایہ کاروں کے لیے سونے کی اصلیت جانچنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

Scroll to Top