سونے کی قیمت بے قابو، فی تولہ قیمت میں 14 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ

(17 اکتوبر 2025) ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ایک روز میں فی تولہ سونا 14 ہزار روپے سے زائد مہنگا ہو گیا، جب کہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی فی اونس قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، جمعہ کے روز 24 قیراط کے فی تولہ سونے کی قیمت میں 14 ہزار 100 روپے کا بڑا اضافہ ہوا، جس کے بعد فی تولہ سونا تاریخ کی بلند ترین سطح 4 لاکھ 56 ہزار 900 روپے پر پہنچ گیا، جو گزشتہ کاروباری روز 4 لاکھ 42 ہزار 800 روپے تھی۔

اسی طرح 24 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت میں 12 ہزار 89 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 91 ہزار 718 روپے ہوگئی، جو گزشتہ روز 3 لاکھ 79 ہزار 629 روپے تھی۔ 22 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت میں 11 ہزار 82 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 59 ہزار 87 روپے تک پہنچ گئی، جو پہلے 3 لاکھ 48 ہزار 5 روپے تھی۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا۔ رپورٹ کے مطابق، سونے کی فی اونس قیمت میں 141 ڈالر اضافہ ہوا، جس کے بعد عالمی سطح پر فی اونس سونا 4 ہزار 358 ڈالر تک پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 4 ہزار 217 ڈالر تھا۔

اسی طرح چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ فی تولہ 24 قیراط چاندی 167 روپے بڑھ کر 5 ہزار 504 روپے پر پہنچ گئی، جو پہلے 5 ہزار 337 روپے تھی۔ 10 گرام چاندی 143 روپے کے اضافے سے 4 ہزار 718 روپے کی سطح پر پہنچ گئی، جو گزشتہ روز 4 ہزار 575 روپے تھی۔ ایسوسی ایشن کے مطابق، عالمی مارکیٹ میں چاندی کی فی اونس قیمت بھی 1.67 ڈالر کے اضافے کے بعد 54.17 ڈالر ہوگئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یوکرین پر روسی حملوں کے بعد ماسکو کے اثاثوں کے منجمد ہونے کو بھی عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی ایک بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیسٹ ٹوئنٹی: کرکٹ کے نئے فارمیٹ کے ذریعے نیا کرکٹنگ ایکو سسٹم بنانے کی کوشش

رپورٹ کے مطابق، دنیا بھر میں سونے کے ذخائر کے لحاظ سے امریکا پہلے نمبر پر ہے، جبکہ ایشیا میں یہ اعزاز چین کو حاصل ہے۔ بھارت عالمی فہرست میں آٹھویں اور ایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ پاکستان اس فہرست میں 49ویں نمبر پر موجود ہے۔ مزید بتایا گیا کہ امریکا، جرمنی اور اٹلی سونے کے ذخائر کے لحاظ سے سرفہرست ممالک ہیں، جبکہ ایشیائی سطح پر چین اور بھارت کے پاس سب سے زیادہ سونا محفوظ ہے۔

Scroll to Top