وشاکاپٹنم :انٹر نیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) ویمنز ورلڈکپ 2025 میں آسٹریلیا کی ویمنز کرکٹ ٹیم نےعمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے میں 10 وکٹوں سے شکست دے دی اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ۔
وشاکاپٹنم کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے ۔
بنگلہ دیشی بلے باز سوبھانا موستری نے 80 گیندوں پر 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ روبیہ حیدر نے 59 گیندوں پر 44 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اہم حصہ ڈالا تاہم دیگر کھلاڑی آسٹریلوی بولرز کے سامنے زیادہ دیر تک کریز پر نہ رُک سکیں ۔
آسٹریلیا کی جانب سے الانا کنگ ، جارجیا ویئرہم ، انابیل سدرلینڈ اور ایشلے گارڈنر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 2، 2 وکٹیں اپنے اپنے نام کین اور بنگلادیشی بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 :یو اے ای نے ٹاپ تھری ٹیموں میں جگہ بنا لی
199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی اوپنرز نے جارحانہ شروعات سے کھیل کی بنیاد رکھی اور محض 25ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے ہدف حاصل کرلیا ۔
کپتان ایلیسا ہیلی نے ایک بار پھر اپنی کلاسک گیم دکھاتے ہوئے صرف 77 گیندوں پر 113 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی ۔ یہ ان کی آئی سی سی ایونٹ میں مسلسل دوسری سنچری تھی، جس میں ا نہوں نے شاندار شارٹس اور عمدہ ٹائمنگ کا مظاہرہ کیا ۔
ان کے ساتھ اوپنر فیوبے لچ فیلڈ نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 72 گیندوں پر 84 ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ۔ بنگلہ دیشی بولرز دونوں اوپنرز کے سامنے بے بس دکھائی دیں اور کوئی وکٹ بھی حاصل نہ کر سکیں ۔




