(کشمیر ڈیجیٹل) اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کی کاوشوں سے پاکستان میں گوگل کا جدید اے آئی پلس پلان متعارف کرا دیا گیا ہےجسے ملک میں ڈیجیٹل ترقی، تعلیمی مواقع کی فراہمی اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس منصوبے کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کے جدید ٹولز تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ تعلیمی، تخلیقی اور پیشہ ورانہ میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر سکیں۔ گوگل کے مطابق اے آئی پلس پلان میں Gemini 2.5 Pro، Veo 3 Fast ویڈیو ماڈل، اور Gemini انٹیگریشن جیسے جدید فیچرز شامل کیے گئے ہیں، جو صارفین کو تخلیقی کاموں، سیکھنے اور عملی استعمال میں مؤثر مدد فراہم کریں گے۔
پلان کے تحت صارفین کو 200 جی بی کلاؤڈ اسٹوریج فراہم کی جائے گی، جو پانچ افراد کے ساتھ شیئر بھی کی جا سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان میں ڈیجیٹل تعلیم اور ہنر سیکھنے کے مواقع کو مزید وسعت دے گا۔ حکومت پاکستان نے پہلے ہی مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل تعلیم، اور پیشہ ورانہ تربیت کو قومی ترجیحات میں شامل کر رکھا ہے اور گوگل کے ساتھ یہ شراکت ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبے میں ترقی کی نئی راہیں کھولنے کی جانب ایک بڑا قدم سمجھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر آزاد کشمیر نے یونیورسٹی آف حویلی کے پہلے وائس چانسلر کی منظوری دے دی
ایس آئی ایف سی کے تعاون سے ملک میں ٹیکنالوجی، تعلیم اور تخلیقی شعبوں میں عالمی معیار کے مواقع میسر آنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے، جو نوجوانوں کے مستقبل کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔