شعیب ملک

ثنا جاوید سے علیحدگی کی خبروں پر شعیب ملک نے خاموشی توڑ دی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے اپنی اہلیہ اور معروف اداکارہ ثنا جاوید سے علیحدگی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی ۔

حالیہ دنوں سوشل میڈیا اور بھارتی میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ شعیب ملک اور ثنا جاوید کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں اور ممکنہ طور پر یہ رشتہ اختتام کے قریب ہے ۔ تاہم شعیب ملک نے ان تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے ۔

ایک نجی گفتگو میں سابق کپتان نے واضح کیا کہ یہ سب بکواس ہے۔ الحمد للہ میری ازدواجی زندگی بہت خوشگوار ہے ۔ میرا بیٹا دبئی میں رہتا ہے اور میری والدہ سیالکوٹ میں جبکہ میں کراچی میں اپنے پیشہ ورانہ مصروفیات کے باعث مقیم ہوں ۔ اسی وجہ سے بعض اوقات ہم ایک ساتھ نظر نہیں آتے، لیکن ان افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ۔

شعیب ملک نے کہا کہ مئی میں پاک بھارت جنگ کے بعد بھارتی میڈیا مسلسل پاکستانی شخصیات کو بدنام کرنے کے لیے من گھڑت اسکینڈلز گھڑ رہا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سابق کرکٹرشعیب ملک اور ثنا جاوید کی علیحدگی کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

واضح رہے کہ حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں شعیب ملک اور ثنا جاوید کو ایک عوامی تقریب میں دیکھا گیا ۔ دونوں ایک دوسرے سے کچھ فاصلے پر بیٹھے اور کم بات چیت کرتے نظر آئے ، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ شاید دونوں کے درمیان اختلافات ہیں ۔

اسی دوران شعیب ملک اور ثنا جاوید نے انسٹاگرام پر علیحدہ علیحدہ تصویریں شیئر کیں جو بظاہر ایک ہی غیر ملکی مقام پر لی گئی لگتی تھیں۔ ان تصاویر میں دونوں کو سیاہ اور سفید لباس میں دیکھا گیا ، جس پر مداحوں نے یہ گمان کیا کہ شاید وہ ایک ساتھ وقت گزار رہے ہیں ۔

Scroll to Top