لاہور: سہ ملکی ون ڈے سیریز میں انجری کا شکار ہونے والے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے میچ میں آرام کیے جانے کا امکان ہے۔ ٹیم مینجمنٹ فاسٹ بولر کو مکمل فٹنس کے بغیر میدان میں اتارنے سے گریز کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم آج لاہور سے کراچی روانہ ہوگی جہاں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 12 فروری کو جنوبی افریقہ کے خلاف مقابلے سے قبل کل تربیتی سیشن منعقد کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ کے دوران بولنگ کرتے ہوئے حارث رؤف کو پسلیوں میں تکلیف محسوس ہوئی جس کے بعد وہ گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق وہ پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ انجری کے باعث حارث رؤف کو مزید آرام دینے کی خواہاں ہے اور جنوبی افریقہ کے خلاف انہیں نہ کھلانے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے جبکہ حتمی فیصلہ ان کی ایم آر آئی رپورٹ کے نتائج دیکھنے کے بعد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 78 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد قومی ٹیم پر دباؤ بڑھ چکا ہے۔