ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ پاکستان بمقابلہ بھارت :ٹاس جیت کر پاکستان نے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا

کولمبو (کشمیر ڈیجیٹل): آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے چھٹے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر بھارت کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں ٹاس کے دوران بھارتی کپتان نے روایتی مصافحہ سے گریز کیا اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا۔ قومی ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ “کوالیفائرز میں اچھی کارکردگی دکھائی، آج بھی بہتر کھیل پیش کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔”

ادھر محکمہ موسمیات سری لنکا کے مطابق کولمبو میں آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جس سے میچ متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے۔ گزشتہ روز بارش کے باعث قومی ویمن ٹیم کا ٹریننگ سیشن منسوخ کرنا پڑا تھا، تاہم کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ محمد وسیم اور دیگر کوچز کی نگرانی میں انڈور نیٹس پر بیٹنگ، بولنگ اور فزیکل ٹریننگ کی مشق کی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک روزہ فارمیٹ میں اب تک 11 میچز ہو چکے ہیں جن میں بھارت کو ہر بار کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ ویمنز ورلڈ کپ 2025 میں پاکستان اپنا پہلا میچ بنگلہ دیش کے خلاف ہار چکا ہے جبکہ بھارت نے سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔

پاکستانی اسکواڈ: فاطمہ ثنا (کپتان)، منیبہ علی (نائب کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، ایمان فاطمہ، نشنرا سندھو، نتالیہ پرویز، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، صدف شمس، صادیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سدرہ نواز، سیدہ عروب شاہ۔

بھارتی اسکواڈ: ہرمین پریت کور (کپتان)، سمرتی مندھانا (نائب کپتان)، پرتیکا راول، ہرلین دیول، دیپتی شرما، جمائمہ روڈریگز، رینوکا سنگھ ٹھاکر، اروندتی ریڈی، رچا گھوش (وکٹ کیپر)، کرنتی گوڈ، امانجوت کور، ردھا یادو، سری چارنی، یستیکا بھاٹیا (وکٹ کیپر)، سنیہ رانا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایت پرآزاد کشمیر کے عوام کیلئے بڑا فیصلہ کیا گیا، مسعود عباسی کا تجزیہ

Scroll to Top