وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایت پرآزاد کشمیر کے عوام کیلئے بڑا فیصلہ کیا گیا، مسعود عباسی کا تجزیہ

کشمیر ڈیجیٹل کے پروگرام میں تجزیہ کار مسعود عباسی نے کہا کہ مذاکرات میں یہ توقع نہیں کی جا سکتی کہ سامنے والا فریق 100 فیصد مطالبات مان لے، تاہم وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف کی ہدایات پر آزاد کشمیر کے عوام کے حق میں نہایت اہم اور مثبت فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مذاکراتی کمیٹی نے عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات پر عملدرآمد کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ جن 2 سے 3 نکات پر قانون سازی یا کمیٹی سازی کی ضرورت تھی، ان کمیٹیوں کی تشکیل کر دی گئی ہے جو ہر 14 دن بعد اجلاس کرے گی اور پیش رفت رپورٹ آگے بھیجے گی۔امید یہ ہی ہے کہ جس بات پر آزاد کشمیر حکومت ، ایکشن کمیٹی اور حکومت پاکستان کے درمیان بات طے ہوئی ہے ، ان سب معاملات میں بہتری ہو گی ۔

مسعود عباسی کا کہنا تھا کہ وفاقی وزراء نے عوامی ایکشن کمیٹی کا کیس سنا اور تمام مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے فوری منظوری دی، ان کا مؤقف تھا کہ یہ آزاد کشمیر کے عوام کا حق ہے جو انہیں ضرور ملنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں اگر ایک اینٹ بھی ہلتی ہے تو بھارت اسے دھماکے کے طور پر پیش کرتا ہے، اس پس منظر میں وزیرِاعظم شہباز شریف کا یہ فیصلہ انتہائی دانشمندانہ ہے۔

مسعود عباسی کے مطابق، زلزلے کے دوران پاکستانی عوام نے جس طرح آزاد کشمیر کے لوگوں کا ساتھ دیا تھا، وہ جذبہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ عوامی ایکشن کمیٹی نے جو لچک دکھائی اور وفاقی وزراء کے سامنے جو مطالبات رکھے، ان میں کوئی پاکستان مخالف بات شامل نہیں تھی، اسی وجہ سے وفاقی حکومت نے فوراً مطالبات منظور کیے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت آئندہ جارحیت پر اپنے طیاروں کے ملبے میں دفن ہوگا،خواجہ آصف کا انتباہ

انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی نے بھی لچک دکھائی اور کشمیری عوام کے مطالبات کو پیش کیا ساتھ میں یہ بھی بتایا کہ ہم پاکستانی ہیں اس کے لیےمذاکراتی کمیٹی، عوامی ایکشن کمیٹی اور وزیرِاعظم شہباز شریف ، تینوں مبارکباد کے مستحق ہیں، کیونکہ آزاد کشمیر کی فضا بہت خراب بنی ہوئی تھی بہترین حکمتِ عملی سے صورتِحال کو سنبھال لیا گیا۔ آزاد کشمیر کے عوام پاکستان کے ساتھایک ہی صف پر کھڑے ہیں۔

Scroll to Top