پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان اور فاسٹ بولر فاطمہ ثنا نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ اچھی کارکردگی نہیں دکھا رہیں تھیں تو والدہ نے مزاحیہ انداز میں انہیں مشورہ دیا کہ شاداب خان کی طرح گگلی کرو ۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فاطمہ ثنا نے کہا کہ ایک موقع پر جب وہ میچوں میں وکٹیں حاصل نہیں کر پا رہی تھیں تو والدہ نے کہا کہ دیکھو شاداب خان کو گگلی پر وکٹیں مل رہی ہیں ، تم بھی گگلی ہی کرو ۔
فاطمہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ انہوں نے والدہ کو سمجھایا کہ امی میں فاسٹ بولر ہوں ، شاداب کی طرح اسپن نہیں کرتی ۔ میں تو شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی طرح تیز گیند کرتی ہوں ۔ فاسٹ بولر بھاگ کر آتے ہیں اور شاداب تو کھڑے کھڑے بولنگ کرتا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:قومی کرکٹر ابرار احمد آج شادی کے بندھن میں بندھیں گے: دلہن کون ہیں ؟
یہ دلچسپ مکالمہ نہ صرف شائقینِ کرکٹ کو مسکرانے پر مجبور کر گیا بلکہ اس سے فاطمہ ثنا اور ان کی والدہ کے درمیان محبت بھرا اور مزاح سے لبریز تعلق بھی جھلکتا ہے ۔
دوسری جانب پاکستان ویمن ٹیم اس وقت سری لنکا میں جاری ورلڈ کپ میں مصروف ہے ۔
گرین شرٹس کو اپنے پہلے میچ میں بنگلادیش کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ٹیم کل اپنا دوسرا میچ بھارت کے خلاف کھیلے گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت کا منفی پروپیگنڈا،کمنٹیٹر ثنا میر کو وضاحت دینا پڑ گئی
ادھر کولمبو میں بارش کے باعث قومی ویمن ٹیم کا تربیتی سیشن منسوخ کر دیا گیا ہے ۔ بارش ہی کے سبب آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان میچ بھی منسوخ ہوگیا، جس پر دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا گیا ۔




