کامیاب مذاکرات کے بعد اعلیٰ سطحی کمیٹی کی واپسی، اہم فیصلوں پر اتفاق

مظفرآباد میں حکومت پاکستان، آزاد جموں و کشمیر حکومت اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیابی سے مکمل ہو گئے جس کے بعد کمیٹی کے اراکین مظفرآباد سے واپس روانہ ہو گئے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ہدایت پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس میں وفاقی وزراء رانا ثناء اللہ، احسن اقبال، سردار یوسف، قمر زمان کائرہ، امیر مجمع اور دیگر شامل تھے۔ اجلاس میں آزاد کشمیر حکومت کے وزراء اور عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں عوامی احتجاج، انتظامی بحران، مہاجرین کی نشستوں، اشرافیہ کی مراعات اور دیگر معاملات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ دونوں اطراف سے پیش کیے گئے مطالبات اور تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد متعدد اہم فیصلے کیے گئے جن میں شہداء اور زخمیوں کے لواحقین کے لیے مالی امداد، عدالتی کمیشن کا قیام، تعلیمی بورڈز کی توسیع، صحت کارڈ فنڈز کا اجرا، بجلی کے نظام کی بہتری، نیلم ویلی روڈ کی تعمیر، کابینہ کے حجم میں کمی اور کرپشن کے اداروں کا انضمام شامل ہیں۔

مزید برآں، میرپور میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قیام، پراپرٹی ٹیکس میں کمی، تعلیمی اداروں میں اوپن میرٹ پالیسی، صحت کی سہولیات میں اضافہ اور مظاہرین کی رہائی جیسے اقدامات پر بھی اتفاق ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ اورکال سروس بحال

ان فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے ایک مانیٹرنگ اینڈ ایمپلیمینٹیشن کمیٹی قائم کی گئی ہے جو تمام اقدامات کی نگرانی کرے گی۔

Scroll to Top