ماہرین غذائیت نے پستے کے روزانہ استعمال کو انسانی صحت کے لئے انتہائی مفید قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق پستے نہ صرف خون میں کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں بلکہ کئی دیگر طبی فوائد بھی فراہم کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پستے پولی اَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز سے بھرپور ہیں جو خون میں کولیسٹرول کی مقدار کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان میں وٹامن اے اور ای شامل ہیں جو جلد کو تندرست رکھنے، قوتِ مدافعت کو بہتر بنانے اور نظر کو تقویت دینے میں کردار ادا کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پستوں میں موجود میگنیشیم ذہنی دباؤ اور تناؤ کو کم کرنے کے ساتھ بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے میں مددگار ہے۔ پروٹین کی وافر مقدار ہونے کی وجہ سے یہ کم جسمانی وزن رکھنے والے افراد کے لیے بھی موزوں ہیں۔
پستے کاربوہائیڈریٹس، امینو ایسڈز، چکنائی اور فائبر کے ساتھ ساتھ اہم معدنیات جیسے فاسفورس، پوٹاشیم، کیلشیم، آئرن، زنک، کاپر اور سوڈیم فراہم کرتے ہیں۔ ان میں وٹامن بی 6، وٹامن سی اور وٹامن کے بھی شامل ہیں جو مجموعی صحت کے لیے نہایت مفید ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سازشیں دم توڑ گئیں، وزیراعظم کا آزاد کشمیر مذاکراتی کامیابی پر خیر مقدم
تاہم ماہرین نے وارننگ دی ہے کہ پستے چونکہ زیادہ کیلوریز رکھتے ہیں، اس لیے ان کا زیادہ استعمال نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر لبلبے کے امراض میں مبتلا افراد کو پستے کھانے سے مکمل پرہیز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ماہرین نے بغیر نمک والے پستے استعمال کرنے کو ترجیحی قرار دیا ہے۔