شاہین آفریدی

بھارت ہو یا کوئی اور ٹیم ، ایشیا کپ کا ٹائٹل یقیناً جیتیں گے : شاہین آفریدی

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کاکہنا ہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت ہو یا کوئی اور ٹیم یقینی طور پرہم ہی فتح سمیٹیں گے ۔

دبئی میں پریس کانفرنس میں گفتگو کے دوران شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹیم کی نظریں ٹائٹل پر ہیں اور پلیئرجیت کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں ۔

فائنل میں بھارت آئے یا کوئی اور ٹیم، ہمیں فرق نہیں پڑتا، ہم یقیناً ٹرافی اپنے نام کریں گے، انہوں نے پُراعتماد لہجے میں کہا کہ پاکستانی باؤلرز ہمیشہ جارحانہ انداز اپناتے ہیں اور یہ چیز انہیں دنیا بھر کی ٹیموں سے الگ کرتی ہے ۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ابھی فائنل تک رسائی حاصل نہیں ہوئی لیکن جب ٹیم فائنل میں پہنچے گی تو حریف کو بھرپور مقابلے کے بعد شکست دی جائے گی ۔

فاسٹ باؤلر نے دبئی کی کنڈیشنز پچز پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ وہاں گیند زیادہ سوئنگ نہیں کرتی لیکن پاکستانی باؤلرز کے لیے یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت سے شکست کے بعد بھی پاکستان ایشیا کپ کافائنل کھیل سکتا ہے،مگر کیسے؟

کبھی کبھی پچ بیٹرز کو زیادہ سپورٹ کرتی ہے لیکن ہمارا کام حالات کا مقابلہ کرنا اور ٹیم کا مورال بلند رکھنا ہے ۔

شاہین شاہ آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم کا ہر کھلاڑی ایشیا کپ کی فتح کے لیے پُرعزم ہے اور میدان میں جارحانہ کرکٹ کیساتھ ساتھ مثبت سوچ کے ساتھ اُترے گا ۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر 4 مرحلے میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 41 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔

بھارت کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم آخری اوور میں 127 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔

بھارت اور بنگلادیش کی ٹیمیں سپر 4 مرحلے کے اہم میچ میں دبئی میں مدمقابل تھیں۔ جہاں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔

Scroll to Top