حکومت نے قومی بچت اسکیموں کی منافع شرحوں میں ردوبدل کر دیا

(کشمیر ڈیجیٹل) حکومت نے قومی بچت اسکیموں (National Savings Schemes) میں منافع کی شرحوں میں ردوبدل کیا ہے جو 17 ستمبر 2025 سے نافذالعمل ہو گیا ہے۔

سرکاری اعلان کے مطابق تین اسکیموں میں زیادہ سے زیادہ 42 بیسز پوائنٹس (bps) اور 6 بیسز پوائنٹس کا اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ایک اسکیم میں 12 بیسز پوائنٹس کی کمی کی گئی ہے۔

  • شارٹ ٹرم سیونگز سرٹیفکیٹس: 10.42 فیصد (10.36 فیصد سے 6 بیسز پوائنٹس اضافہ)
  • ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس: 11.42 فیصد (11.54 فیصد سے 12 بیسز پوائنٹس کمی)
  • سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹ: 9.92 فیصد (9.50 فیصد سے 42 بیسز پوائنٹس اضافہ)
  • سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ: 9.92 فیصد (9.50 فیصد سے 42 بیسز پوائنٹس اضافہ)

اس طرح اب شارٹ ٹرم سیونگز پر 10.42 فیصد، ڈیفنس سیونگز پر 11.42 فیصد اور دونوں اسلامی اسکیموں پر 9.92 فیصد منافع دستیاب ہوگا۔

دوسری جانب حکومت نے حال ہی میں ایک منی بجٹ لانے کا فیصلہ بھی کیا ہے جس کے تحت درآمدی گاڑیوں، سگریٹس، الیکٹرانک آلات اور دیگر مہنگی اشیاء پر نئے ٹیکس لگانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ تجاویز وفاقی ٹیکس کے ذریعے عمل میں لائی جائیں گی اور ہدف کم از کم 50 ارب روپے کا ریونیو حاصل کرنا ہے۔ اس ریونیو کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم جی کی بڑی آفر! اب دو الیکٹرک گاڑیاں 13 لاکھ روپے سستی

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منگل کو اجلاس میں ان تجاویز پر غور کیا گیا، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ اقدامات “فلڈ لیوی بل” کے ذریعے سامنے لائے جائیں گے۔ تاہم حتمی شرح اور فہرست ابھی طے نہیں ہوئی۔

Scroll to Top